سلمان خان اور روہت شیٹی کے گھر پر فائرنگ کرنے والا خود سامنے آ گیا
بالی ووڈ کے مشہور ڈائریکٹر روہت شیٹی کی ممبئی کی جوہو میں واقع رہائش گاہ پر رات گئے نامعلوم حملہ آوروں نے فائرنگ کر دی، جس سے پورے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا لیکن واقعہ نے ایک بار پھر بالی ووڈ ستاروں کی سیکیورٹی پر سنگین سوالات اٹھا دیے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ رات نصف شب تقریباً 12:45 بجے بائیک سوار حملہ آور نے روہت شیٹی کے گھر شیٹی ٹاور کی پہلی منزل پر پانچ گولیاں چلائیں۔ روہت شیٹی اور ان کا خاندان گھر پر موجود تھے، مگر گارڈز کی فوری اطلاع پر پولیس فوری طور پر پہنچ گئی۔
علاقے کو گھیرے میں لے کر سیکیورٹی سخت کر دی گئی، جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج اور فرانزک ٹیموں نے شواہد اکٹھے کرنے شروع کر دیے۔
حملے کی ذمہ داری لارنس بشنوئی گینگ نے سوشل میڈیا پر قبول کر لی ہے۔ گینگ کے ایک ممبر شبھم لونکر (جو بابا صدیقی قتل کیس میں ملزم ہے) سے منسلک اکاؤنٹ سے پوسٹ کی گئی، جس میں ارزو بشنوئی، ہری باکسر اور دیگر ارکان کا نام لے کر فائرنگ کی تصدیق کی گئی۔
گینگ نے روہت شیٹی کو سنگین دھمکی بھی دی کہ اگلی گولیاں بیڈروم میں یا سینے پر چلیں گی اور یہ صرف ٹریلر ہے۔
ممبئی پولیس اور کرائم برانچ نے مشترکہ تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ پونے سے پانچ مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے، جن کے بشنوئی گینگ سے روابط سامنے آ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ یہ وہی گینگ ہے جس نے گزشتہ سال سلمان خان کی باندرہ میں رہائش گاہ گلیکسی اپارٹمنٹس کے باہر فائرنگ کی تھی۔
