پاکستان اور کرغزستان کے مابین تجارت، آئی ٹی اور انسداد دہشتگردی سمیت اہم معاہدے
معاہدوں کی تقریب کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں منعقد ہوئی، جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور کرغز صدر نے بھی شرکت کی۔
دونوں ممالک کے مابین ہونے والے ان معاہدوں پر دستخط کے بعد وزیراعظم شہباز شریف اور کرغزستان کے صدر نے مشترکہ پریس کانفرنس بھی کی۔
اس موقع پر وزیراعظم نے پاکستان اور کرغز جمہوریہ کے درمیان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے کو خوش آئند پیش رفت قرار دیتے ہوئے دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے بھی پاکستان اور کرغزستان میں اتفاق رائے ہوا ہے، جبکہ تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون کو بھی فروغ دیا جائے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ دونوں ممالک دوطرفہ تجارتی حجم میں اضافے کے لیے کاروباری قوانین اور طریقہ کار کو مزید آسان بنائیں گے۔
پاکستان اور کرغزستان باہمی تجارت کو 200 ملین ڈالر تک بڑھانے کے خواہاں ہیں، جس کے لیے نجی شعبے کے روابط اور تجارتی مواقع میں اضافہ کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کرغزستان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے۔
دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں ہونے والے معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط دوطرفہ تعاون کے ایک نئے مرحلے کا آغاز ہیں، جن سے باہمی روابط مزید مضبوط ہوں گے۔
