بالی ووڈ اسٹار ٹائیگر شیروف پر ممبئی میں فائرنگ،ڈرائیورزخمی
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ٹائیگر شیروف پر فائرنگ کا واقعہ اتوار کی شام کو اس وقت پیش آیا جب اداکار ممبئی کے علاقے جوہو میں فٹ بال میچ کے بعد واپس آرہے تھے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ موٹرسائیکل پر سوار 3 ملزمان نے مبینہ طور پر ٹائیگر شیروف کی گاڑی پر فائرنگ کی، جس سے ان کی گاڑی کو نقصان پہنچا تاہم اداکار خود محفوظ رہے جبکہ ان کے ڈرائیور اور ایک آٹو رکشہ ڈرائیور زخمی ہوگئے ہیں۔
دوسری جانب سلمان خان سمیت متعدد اداکاروں کو دھمکیاں دینے اور فائرنگ میں ملوث بشنوئی گروپ نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں ٹائیگر شیروف پر فائرنگ کی ذمہ داری قبول کرلی ہے
جس سے حملے کے مقاصد پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں جبکہ دعوؤں کی تصدیق بھی کی جا رہی ہے۔
سوشل میڈیا پر ہندی میں جاری بیان میں گینگسٹر انیل پنڈت نے لارنس بشنوئی گروپ کی طرف سے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ یہ حملہ ٹائیگر شیروف کی بالی ووڈ سپراسٹار سلمان خان سے دوستی کی بنا پر کیا گیا ہے تاہم آزاد ذرائع سے اس دعوے کی تصدیق تاحال نہیں ہوئی۔
گینگسٹر نے مزید دھمکی دی کہ سلمان خان کے قریبی لوگوں پر اس طرح کے حملے مستقبل میں بھی ہوسکتے ہیں۔
