بپاشا باسو کی چھ سال بعد اسکرین پر واپسی،ویب سیریز میں نظر آئیں گی
یہ سیریز پرائم ویڈیو پر ریلیز کی جائے گی، تاہم اس کے نام، بپاشا کے کردار اور ریلیز کی تاریخ سے متعلق تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔
اس منصوبے میں سنی کوشل اور وشال جیٹھوا بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
سیریز کی کہانی کشیپ کپور اور راگھو راج ککر نے لکھی ہے، جبکہ پروڈکشن کی ذمے داری پربھلین سندھو نے اپنے ادارے ’الماٹی موشن پکچرز‘ کے تحت سنبھالی ہے۔
سنی کوشل ایک ایسے پولیس افسر کا کردار ادا کر رہے ہیں جو بدعنوانی سے پاک رہنے کے عزم کے ساتھ نظام کے اندر اور باہر موجود طاقتور عناصر کا مقابلہ کرتا ہے۔
اسے اپنے اصولوں پر قائم رہنے کے ساتھ ایسے حالات سے بھی گزرنا پڑتا ہے جو اس کی انسانیت اور اخلاقی اقدار کا امتحان لیتے ہیں۔
بپاشا اور کرن سنگھ گروور 2020 میں ریلیز ہونے والی کرائم تھرلر ویب سیریز ’ڈینجرس‘ میں ایک ساتھ دکھائی دیے تھے۔
بپاشا کی آخری مکمل تھیٹر ریلیز فلم ’ایلون‘ تھی، جسے بھوشن پٹیل نے ہدایت دی تھی اور یہ جنوری 2015 میں سینما گھروں میں پیش کی گئی۔
اس فلم میں بپاشا نے سنجنا اور انجنا نامی جڑواں بہنوں کے کردار ادا کیے تھے، جبکہ کرن سنگھ گروور بھی اس کا حصہ تھے۔
نئی سیریز کی شوٹنگ کے آغاز کو اداکارہ کے کیریئر میں طویل وقفے کے بعد ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
