تازہ ترین:
سکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائیاں، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں 34 دہشتگرد ہلاک
تازہ ترین

سکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائیاں، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں 34 دہشتگرد ہلاک

25 Feb 2026 8,101

سکیورٹی فورسز پاکستان نے گزشتہ چند روز کے دوران بھارتی پراکسیز فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خاتمے کے لیے انسدادِ دہشت گردی مہم کے تحت برق رفتار اور انٹیلی جنس اطلاعات پر مبنی متعدد کارروائیاں کیں۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق 24 فروری کو خیبر پختونخوا میں چار مختلف جھڑپوں کے دوران فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 26 دہشتگرد ہلاک کیے گئے، جبکہ بلوچستان کے علاقے سمبازہ میں جھڑپ کے دوران فتنہ الہندوستان کے 8 دہشتگرد مارے گئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل کے قریب پاک افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش بھی ناکام بنائی گئی، جہاں کارروائی کے دوران ایک دہشتگرد ہلاک ہوا جس کے افغان شہری ہونے کی تصدیق ہوئی۔

اسی طرح لکی مروت میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 3 خوارج مارے گئے، جبکہ بنوں کے علاقے نرمی خیل میں دو مختلف جھڑپوں میں 10 دہشتگرد ہلاک کیے گئے۔ مزید کارروائی میں میر علی میں انٹیلی جنس اطلاعات پر آپریشن کے دوران 12 دہشتگرد مارے گئے۔

سکیورٹی حکام کے مطابق ہلاک دہشتگردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا اور وہ علاقے میں متعدد دہشتگرد کارروائیوں میں ملوث رہے۔ فورسز نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملکی سرحدوں کے دفاع اور بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگرد عناصر کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری رہے گا۔

بیان میں کہا گیا کہ عزم استحکام وژن کے تحت غیر ملکی سپانسرڈ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔