پاکستان میں پیٹرول کی قیمتیں بنگلہ دیش،سری لنکا اور ترکیہ سے کم ہیں،وزیر پیٹرولیم
وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ پاکستان میں پیٹرول کی قیمتیں بنگلہ دیش، سری لنکا اور ترکیہ سے کم جبکہ بھارت کے تقریباً برابر ہیں، مقامی ڈیزل کی پیداوار بڑھانے کے لیے ریفائنری پالیسی میں ترامیم تجویز کر دی ہیں۔
پیٹرولیم نرخوں کے تعین کے نظام میں اصلاحات کے لیے وزیراعظم کی قائم کردہ کمیٹی کا اہم اجلاس وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کی زیر صدارت منعقد ہوا۔
اجلاس میں پیٹرولیم پرائس اسٹیبلائزیشن فنڈ کو قواعد پر مبنی، شفاف اور صوابدیدی فیصلوں سے پاک نظام کے تحت چلانے پر اتفاق کیا گیا، تیل کی سپلائی چین کی ڈیجیٹلائزیشن پر تمام اراکین کا اتفاق ہوا اور شفافیت بڑھانے پر زور دیا گیا۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ مقامی ڈیزل پیداوار میں اضافہ پاکستان کی توانائی سلامتی کو مزید مضبوط بنائے گا، پیٹرولیم پرائسنگ کمیٹی کا آئندہ اجلاس حتمی ہوگا جس کے بعد سفارشات وزیراعظم کو پیش کی جائیں گی۔
