سونے کی قیمت نے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے، زیورات بنانا خواب بن گئے
کراچی میں سونے کی قیمتوں نے تمام سابقہ ریکارڈز کو پیچھے چھوڑ دیا۔ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ فی تولہ سونا ساڑھے پانچ لاکھ روپے کی حد عبور کر گیا ہے۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی قیمت میں ایک ہی دن میں 21 ہزار 100 روپے کا غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا، جس کے بعد فی تولہ سونا 5 لاکھ 51 ہزار 662 روپے پر پہنچ گیا۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی نمایاں تیزی ریکارڈ کی گئی، جو 19 ہزار 80 روپے اضافے کے بعد 4 لاکھ 72 ہزار 961 روپے ہو گئی۔
سونے کی قیمتوں میں اس غیر معمولی اضافے کے بعد مارکیٹ میں زیورات کی خریداری پر نمایاں منفی اثر پڑے گا۔
عالمی سطح پر بھی قیمتی دھات کی قدر میں زبردست چھلانگ دیکھی گئی، جہاں سونا 211 ڈالر اضافے کے ساتھ 5 ہزار 293 ڈالر فی اونس پر جا پہنچا۔
ادھر چاندی کی قیمتیں بھی پیچھے نہ رہیں، فی تولہ چاندی 271 روپے مہنگی ہو کر 11 ہزار 911 روپے کی سطح پر پہنچ گئی۔
