پہلا ٹی 20، پاکستان کا سیریز میں فاتحانہ آغاز، آسٹریلیا کو 22 رنز سے شکست
تازہ ترین

پہلا ٹی 20، پاکستان کا سیریز میں فاتحانہ آغاز، آسٹریلیا کو 22 رنز سے شکست

30 Jan 2026 6,765

پاکستان نے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے پہلے ٹی 20 میچ میں آسٹریلیا کو 22 رنز سے شکست دے کر 3 میچز کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔

 صائم ایوب نے شاندار آل راؤنڈ پرفارمنس کا مظاہرہ کیا، بیٹنگ میں 40 رنز بنائے اور دو کینگروز کو پویلین واپس بھیجا۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز اسکور کیے۔ اوپنر صاحبزادہ فرحان ابتدائی گیند پر صفر پر آؤٹ ہوئے، لیکن صائم ایوب اور کپتان سلمان علی آغا نے 74 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔

صائم ایوب نے جارحانہ انداز میں 40 رنز بنائے جبکہ سلمان علی آغا نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 27 گیندوں پر 39 رنز اسکور کیے۔

کینگروز کی جانب سے ایڈم زمپا نے پاکستان کے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

آسٹریلیا نے 169 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ابتدائی بلے بازوں کی کمزوری کے باعث صرف 146 رنز پر اپنی 8 وکٹیں گنوا دیں۔

میتھو شارٹ اور کپتان ٹریوس ہیڈ صرف 21 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ کیمرون گرین 36 رنز بنا کر محمد نواز کا شکار بنے جبکہ دیگر بلے باز بھی صائم ایوب، ابرار احمد اور شاداب خان کے ہاتھوں پویلین لوٹ گئے۔

سیریز کا دوسرا ٹی 20 میچ آج لاہور میں کھیلا جائے گا، جہاں پاکستان برتری قائم رکھنے کی کوشش کرے گا۔