فلم ’’میرا لیاری‘‘ ہی لیاری کا اصل چہرہ ہے، شرجیل میمن
تازہ ترین

فلم ’’میرا لیاری‘‘ ہی لیاری کا اصل چہرہ ہے، شرجیل میمن

01 Feb 2026 8,080

سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کراچی فلم اسکول کورنگی کا دورہ کیا اور اسکول کی تیار کردہ فلموں کی اسکریننگ میں شرکت کی۔

اس موقع پر فلمساز طلبہ و طالبات نے اپنے پروجیکٹس کے حوالے سے وزیر کو آگاہ کیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ کراچی فلم اسکول پاکستان کا واحد ادارہ ہے جو فلمسازی میں ایک سالہ ڈپلومہ فراہم کرتا ہے، اور یہ نوجوانوں کو ایسا پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے جہاں وہ اپنا کیریئر بنا سکیں اور فلم و ڈرامہ کے ذریعے مثبت پیغام دنیا تک پہنچا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ دشمن ملک بھارت نے پاکستان کو بدنام کرنے کے لیے متعدد جھوٹی فلمیں تیار کی ہیں، لیکن پاکستان نے دہشت گردی اور پروپیگنڈے کا بھرپور مقابلہ کیا ہے۔

سندھ حکومت فلم و ڈرامہ انڈسٹری کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور فلم فیسٹیول میں اچھے اسکرپٹ کی صورت میں اخراجات فراہم کرے گی۔

شرجیل میمن نے خاص طور پر سندھ حکومت کی فلم “میرا لیاری” کا ذکر کیا اور کہا کہ اس میں لیاری کے اصل چہرے کو پیش کیا گیا ہے۔ بورڈ فیصلہ کرے گا کہ فلم کب ریلیز ہوگی۔

انہوں نے نوجوان فلمسازوں کی فیس میں پچاس فیصد کمی کے لیے حکومت سے بات کرنے کا اعلان بھی کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں سینماز کی کمی رہی ہے، اس لیے نجی شعبے کو آگے آنا چاہیے، اور سندھ حکومت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت فلم اسکول کو مزید بہتر بنانے اور نوجوانوں کو اعلیٰ معیار کی تربیت دینے کے لیے پرعزم ہے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ پاکستان میں بننے والے مواد کا مثبت چہرہ دنیا کے سامنے لانا چاہیے، تاکہ پڑوسی ملک بھی اسے دیکھنے پر مجبور ہو۔