تازہ ترین:
امریکی وفد سے ملاقات نہیں کریں گے، صرف قطر سےبات ہورہی ہے؛ ایران
تازہ ترین

امریکی وفد سے ملاقات نہیں کریں گے، صرف قطر سےبات ہورہی ہے؛ ایران

30 Jun 2026 7,017

ایران نے دوحہ میں امریکی وفد کی موجودگی کے باوجود دعویٰ کیا ہے کہ مذاکرات منجمد اثاثوں پر صرف قطری حکام سے ہو رہے ہیں۔

 امریکی صدر کے مشیر خاص جیرڈ کشنر اور خصوصی ایلچی برائے مشرق وسطیٰ اسٹیو وٹکوف ثالث قطری حکام سے ایران مذاکرات پر تبادلہ خیال کر رہے ہیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ روز یہ دعویٰ کیا تھا کہ آج دوحہ میں ہونے والی ملاقات ایران کی درخواست پر کی جا رہی ہے  تاہم ایران نے اس کی تردید کردی۔

ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے پریس بریفنگ میں کہا کہ ایران کی ترجیح امریکا کے ساتھ طے پانے والی مفاہمتی یادداشت پر عمل درآمد کو یقینی بنانا ہے

ان کا مزید کہنا تھا کہ دوحہ میں ایرانی وفد امریکا کے ساتھ نہیں بلکہ صرف اور صرف قطری حکام کے ساتھ وہ بھی منجمد ایرانی اثاثوں کی بحالی سے متعلق شق پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے بات چیت کر رہا ہے۔

 اسماعیل بقائی نے زور دے کر کہا کہ امریکی وفد کی قطر آمد کا ایرانی وفد کے دورے سے کوئی تعلق نہیں اور آئندہ چند دنوں میں امریکی فریق کے ساتھ کسی بھی سطح پر مذاکرات کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔

 قطر کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے بھی تصدیق کی کہ امریکی نمائندے اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر دوحہ میں موجود ہیں تاہم ان کی ایرانی حکام سے براہِ راست ملاقات طے نہیں۔

انھوں نے مزید بتایا کہ امریکی وفد ثالثوں سے مشاورت کرے گا جبکہ ایران کے منجمد اثاثوں کا معاملہ دونوں ممالک کے درمیان جاری عمل درآمد سے منسلک ہے۔

ادھر قطری حکام نے بتایا کہ قطر میں موجود ایران کے 6 ارب ڈالر کے منجمد فنڈز تاحال تہران منتقل نہیں کیے گئے۔

اثاثوں کی منتقلی اور استعمال کا طریقہ کار امریکا اور ایران کے درمیان جاری عمل درآمد اور باہمی اتفاق رائے سے مشروط ہے۔