تازہ ترین:
دبئی سے تل ابیب کی پرواز میں پائلٹ پر حملےکا معاملہ، تحقیقات میں سنسنی خیز انکشافات سامنے آگئے
تازہ ترین

دبئی سے تل ابیب کی پرواز میں پائلٹ پر حملےکا معاملہ، تحقیقات میں سنسنی خیز انکشافات سامنے آگئے

09 Oct 2026 8,412

دبئی سے تل ابیب کی پرواز میں پائلٹ پر حملے کے معاملے میں ہونے والی تحقیقات میں کئی سنسنی خیز انکشافات سامنے آئے ہیں۔

اماراتی حکام کے مطابق فلائی دبئی کی پرواز کا معاون  پائلٹ تل ابیب کے بن گوریون ائیرپورٹ پر خودکش حملہ کرنا چاہتا تھا، ملزم کا منصوبہ تھا کہ طیارے پر قبضہ کرکے اسے ائیرپورٹ کی مسافر عمارت سے ٹکرایا جائے۔

حکام کا کہنا ہے کہ  30 ستمبر کو دبئی سے تل ابیب جانے والی پرواز کے معاون پائلٹ کا تعلق عمان سے ہے

ملزم 2017 میں آسٹریلیا میں تعلیم کے دوران انتہا پسندانہ نظریات سے متاثر ہوا، ملزم کی ائیرلائن میں بھرتی کے دوران سکیورٹی جانچ میں کوئی مشتبہ اشارہ نہیں ملا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملزم نے 11 ستمبر 2001 کے حملوں سے متاثر ہوکر طیارے کے ذریعے حملے کا منصوبہ بنایا تھا

اس نے ماضی میں دو بار تل ابیب کا دورہ کیا تھا اور دبئی سے تل ابیب تک پرواز اور ائیرپورٹ کا جائزہ لیا تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے دوران معاون پائلٹ نے کاک پٹ میں کپتان پر کلہاڑی سے حملہ کیا، ملزم نے وکیل کی موجودگی میں منصوبہ بندی اور حملے سے متعلق اعترافی بیان دیا۔

تحقیقاتی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عمانی معاون پائلٹ نے اکیلے دہشتگردی کا منصوبہ بنایا

معاون پائلٹ کے کسی سہولت کار کا تاحال سراغ نہیں مل سکا، اماراتی استغاثہ ممکنہ ساتھیوں اور دیگر روابط کی تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہے۔

خیال رہے کہ معاون پائلٹ کے حملے کے بعد فلائٹ کے کپتان، عملے کے ایک رکن اور مسافروں نے ملزم کو قابو کرنے میں مدد کی تھی۔

جس کے بعد پرواز کو سعودی عرب کے شہر تبوک میں بحفاظت اتار لیا گیا تھا۔