تازہ ترین:
فرینکفرٹ سے دہلی جانیوالی پرواز سے ہائی جیکنگ کوڈ جاری، طیارے کی جے پور میں ہنگامی لینڈنگ
عالمی خبریں

فرینکفرٹ سے دہلی جانیوالی پرواز سے ہائی جیکنگ کوڈ جاری، طیارے کی جے پور میں ہنگامی لینڈنگ

14 Oct 2026 2,654

جرمنی کے شہر فرینکفرٹ سے نئی دہلی جانے والی ائیر انڈیا کی پرواز کو ہائی جیکنگ کے الرٹ کے بعد ہنگامی طور پر اتار لیا گیا۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق ائیر انڈیا کی پرواز اے آئی 2030 کو ہائی جیکنگ کے مبینہ الرٹ اور بم کی افواہ کے بعد ہنگامی طور پر جے پور ائیرپورٹ پر اتارا گیا۔

ذرائع نے بتایا کہ فرینکفرٹ سے دہلی جانے والی پرواز میں اس وقت سنسنی پھیل گئی، جب طیارہ بھارتی فضائی حدود کے اندر ریاست راجستھان کے اوپر پرواز کر رہا تھا اور طیارے نے کچھ دیر بعد نیو دہلی ائیرپورٹ پر لینڈ کرنا تھا۔

صبح 9 بجے احمد اباد ائیر ٹریفک کنٹرولر کو پرواز سے طیارہ ہائی جیکنگ کا بین الاقوامی کوڈ 7500 موصول ہوا۔

طیارے کے ہائی جیکنگ الرٹ کے باعث ہنگامی صورتحال کا اعلان کیا گیا جبکہ بھارت بھر کی سکیورٹی ایجنسیاں ہائی الرٹ ہوگئیں۔

دہلی ائیرپورٹ وار روم نے احتیاطی طور پر پرواز کا رخ فوری طور پر جے پور کی طرف موڑ دیا۔

بوئنگ 787 ڈریم لائنر طیارے نے 14 اکتوبر کی صبح 9:35 پر جے پور انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر بحفاظت ہنگامی لینڈنگ کی۔

طیارے کو لینڈنگ کے فوراً بعد ائیرپورٹ کے ایک مخصوص آئسولیشن بے میں منتقل کیا گیا جبکہ سکیورٹی پروٹوکول کے تحت تمام مسافروں اور عملے کو بحفاظت اتار لیا گیا۔

سینٹرل انڈسٹریل سکیورٹی فورس، مقامی پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے طیارے اور مسافروں کے سامان کی مکمل تلاشی لی، جس کے بعد پرواز کو محفوظ قرار دے دیا گیا۔

فلائٹ ڈیٹا کے مطابق طیارے میں 250 مسافر سوار تھے اور حکام نے بتایا کہ سکیورٹی الرٹ پائلٹ سے غلطی سے دبنے والے ایک بٹن کا نتیجہ تھا۔

پائلٹ نے نادانستہ طور پر یہ بٹن دبا دیا تھا، جس نے تمام سکیورٹی ایجنسیوں کو الرٹ کر دیا جبکہ کچھ ابتدائی افواہوں میں اسے بم کی دھمکی بھی قرار دیا جا رہا تھا۔