امریکی صدر ٹرمپ کا اسرائیلی انتخابات میں نیتن یاہو کی مکمل حمایت کا اعلان
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیلی انتخابات میں اپنے اتحادی اور مجودہ وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو کی باضابطہ حمایت کا اعلان کر دیا۔
صدر ٹرمپ نے نیتن یاہو کو ایک ’عظیم جنگجو وزیرِ اعظم‘ اور امن کا شراکت دار قرار دیتے ہوئے ان کی تعریف کی اور رواں سال فروری میں ایران پر حملے شروع کرنے میں امریکا کا ساتھ دینے پر بھی انہیں سراہا۔
اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ٹروتھ سوشل’ پر جاری کردہ ایک پوسٹ میں ٹرمپ نے لکھا کہ’بی بی نیتن یاہو زبردست مخالفت، یہاں تک کہ خود اسرائیل کے اندر سے ہونے والی مخالفت کے سامنے بھی مضبوط رہے اور بہادری کامظاہرہ کیا۔
اسرائیلی عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ وہ اس پیغام کو اسرائیل کے وزیرِ اعظم کے طور پر دوبارہ انتخاب کی آئندہ دوڑ میں نیتن یاہو کے لیے ان کی مکمل اور بھرپور حمایت کی نمائندگی کے طور پر تسلیم کریں۔
تاہم خبر رساں ادارے کے مطابق یہ یقینی نہیں ہے کہ ٹرمپ کی اس حمایت سے نیتن یاہو اور ان کی دائیں بازو کی ‘لیکوڈ’ پارٹی کو 27 اکتوبر کے قومی انتخابات میں کوئی خاص فائدہ پہنچے گا یا نہیں کیونکہ ایران کے معاملے پر امریکا اور اسرائیل کے درمیان پیدا ہونے والے اختلافات کے باعث اسرائیل میں ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے عوامی حمایت میں کمی واقع ہوئی ہے۔
