بھارت کے خوف سے آئی سی سی گھبرا گیا، پاکستان کے بائیکاٹ پر ردعمل دے دیا
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کی حکومت کے اس فیصلے پر سخت ردعمل دیا ہے کہ قومی ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں ضرور شرکت کرے گی، مگر بھارت کے خلاف شیڈول میچ میں میدان میں نہیں اترے گی۔
آئی سی سی نے اپنی آفیشل ویب سائٹ پر جاری بیان میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے باضابطہ اطلاع کا انتظار ظاہر کیا ہے، لیکن واضح طور پر کہا ہے کہ ٹورنامنٹ میں جزوی شرکت یا منتخب میچز کا بائیکاٹ عالمی کرکٹ کے بنیادی اصولوں کے منافی ہے۔
بیان میں زور دیا گیا کہ آئی سی سی کے ٹورنامنٹس کھیل کی ساکھ، مسابقت، برابری اور انصاف پر قائم ہوتے ہیں۔ اگر کوئی ٹیم صرف اپنی مرضی کے میچ کھیلے اور بھارت جیسے اہم مخالف کے خلاف میدان میں نہ اترے تو یہ پورے ایونٹ کی روح کو مجروح کرتا ہے اور کرکٹ کی عالمی ساکھ کو نقصان پہنچاتا ہے۔
آئی سی سی نے تسلیم کیا کہ وہ قومی پالیسیوں اور حکومتوں کے فیصلوں کا احترام کرتا ہے، مگر یہ فیصلہ عالمی کرکٹ، شائقین (جن میں پاکستان کے لاکھوں شائقین بھی شامل ہیں) اور کھیل کے مفاد کے خلاف ہے۔
مزید کہا گیا کہ آئی سی سی پرامید ہے کہ پی سی بی اپنے ملک کے کرکٹ پر طویل مدتی منفی اثرات پر غور کرے گا، کیونکہ ایسا اقدام عالمی کرکٹ کے پورے نظام کو متاثر کر سکتا ہے.
آئی سی سی کی سب سے بڑی ترجیح یہ ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کامیابی سے منعقد ہو، اور یہ ذمہ داری تمام ممبر بورڈز بشمول پی سی بی کی بھی ہے۔
انہوں نے توقع ظاہر کی کہ پی سی بی تمام اسٹیک ہولڈرز کے مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے کوئی باہمی طور پر قابل قبول حل تلاش کرے گا تاکہ بھارت کے خلاف بائیکاٹ جیسا اقدام ٹالا جا سکے۔
