تازہ ترین:
کوئٹہ سمیت دیگر اضلاع میں سیکیورٹی ہائی الرٹ، موبائل اور انٹرنیٹ سروسز بھی معطل
تازہ ترین

کوئٹہ سمیت دیگر اضلاع میں سیکیورٹی ہائی الرٹ، موبائل اور انٹرنیٹ سروسز بھی معطل

02 Feb 2026 7,153

بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کی جانب سے کیے گئے بڑے پیمانے پر ہم آہنگ حملوں کے بعد کوئٹہ میں سیکیورٹی کا سخت ترین انتظام نافذ کر دیا گیا ہے۔

شہر بھر میں ہائی الرٹ کا اعلان کرتے ہوئے موبائل اور انٹرنیٹ سروسز کو معطل کر دیا گیا ہے۔

سیکیورٹی فورسز نے شہر کے حساس اور پوش علاقوں کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کو سیل کر دیا ہے۔

پولیس، ایف سی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی بھاری نفری گشت کر رہی ہے، جبکہ سرچ آپریشنز کے دوران درجنوں مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

یہ اقدامات گزشتہ روز بلوچستان کے متعدد مقامات پر فتنۃ الہندوستان کے ناکام حملوں کے نتیجے میں اٹھائے گئے ہیں۔

سیکیورٹی فورسز نے بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے 145 دہشت گردوں کو ہلاک کیا، جبکہ اس کارروائی میں 15 جوان شہید ہوئے اور 18 معصوم شہری بھی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

انٹرنیٹ اور موبائل ڈیٹا کی معطلی دوسرے روز بھی جاری ہے، جس کی وجہ سے معلومات کے حصول میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات امن و امان کی بحالی اور مزید ممکنہ خطرات کو روکنے کے لیے ناگزیر ہیں۔

صوبائی حکومت اور فورسز نے واضح کیا ہے کہ بھارتی ایجنٹوں کی حمایت یافتہ یہ سازشیں ناکام بنا دی جائیں گی اور بلوچستان میں امن قائم رکھنے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ تعاون کریں اور مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع دیں۔