تازہ ترین:
ملک بھر میں شب برات مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی
قومی خبریں

ملک بھر میں شب برات مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی

04 Feb 2026 8,830

ملک بھر میں  شبِ برات مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی اس موقع پر مساجد اور گھروں میں خصوصی شب بیداری کا اہتمام کیا گیا جہاں رات بھر نوافل، ذکرِ الٰہی اور عبادات کی گئیں۔

شبِ برات کے موقع پر مساجد میں حسنِ قرات، حمد و نعت اور درود و سلام کی روح پرور محافل منعقد ہوئیں  جبکہ علمائے کرام، مشائخ عظام اور خطیب حضرات شبِ مبارکہ کی فضیلت اور اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

ملک بھر کی مساجد کو رنگ برنگی روشنیوں سے سجایا گیا اور عبادت گزاروں کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔

علمائے کرام کے مطابق شعبان کی  15 ویں رات کو جہنم کی آگ سے نجات اور گناہوں کی بخشش کی رات قرار دیا گیا ہے جس میں مسلمان اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ ریز ہو کر اپنے گناہوں کی معافی مانگتے ہیں۔

اس رات نفلی عبادات کے ساتھ ساتھ لوگ اپنے مرحومین کی قبروں پر حاضری دیتے ہیں اور ایصالِ ثواب کے لیے قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی بھی کرتے ہیں۔

شبِ برات کے پیش نظر تمام صوبوں میں عبادت گاہوں کی سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ حساس مساجد اور امام بارگاہوں پر ایلیٹ فورس کے اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے ہائی الرٹ ہیں۔