بسنت، لاہور کی پتنگ مارکیٹس میں تیسرے دن ریکارڈ بزنس، نرخ آسمان پر پہنچ گئے
بسنت کی آمد کے ساتھ ہی لاہور کی پتنگ مارکیٹس میں تجارتی سرگرمیاں اپنے عروج پر پہنچ گئیں۔ تیسرے روز پتنگوں، گڈوں اور ڈور کی فروخت میں غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ قیمتوں میں بھی واضح تیزی دیکھنے میں آئی۔
کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشن کے لیگل ایڈوائزر ایڈووکیٹ ملک فیضان احمد کے مطابق تیسرے دن لاہور کی مختلف مارکیٹس میں 5 لاکھ سے زائد گڈے پتنگیں فروخت ہوئیں، جبکہ 10 ہزار سے زائد پنے بھی خریداروں تک پہنچے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس روز ڈیمانڈ میں اضافے کے باعث پتنگوں کی دستیابی محدود ہو گئی اور نرخ مزید بڑھ گئے۔
ملک فیضان احمد نے بتایا کہ ڈیڑھ تاوا گڈا 650 روپے، ایک تاوا 450 روپے جبکہ پونا تاوا 250 روپے میں فروخت ہوتا رہا۔ اسی طرح ڈور کے ریٹس میں بھی نمایاں فرق دیکھنے میں آیا، جہاں دو پیس کا پنا 7 سے 8 ہزار روپے جبکہ چار پیس کا پنا 12 سے 15 ہزار روپے تک فروخت ہوا۔
ان کے مطابق بسنت کی تیاریوں کے دوران پہلے روز تقریباً 16 کروڑ روپے، دوسرے روز 18 کروڑ روپے جبکہ تیسرے روز 20 کروڑ روپے سے زائد کا کاروبار ہوا، جو لاہور کی پتنگ انڈسٹری کے لیے ریکارڈ قرار دیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ شہر کے اندرون موچی گیٹ مارکیٹ، اسلام پورہ، ساندہ، سمن آباد، نوناریاں، اچھرہ اور دیگر علاقوں میں پتنگوں اور ڈور کی خرید و فروخت بدستور جاری ہے، جبکہ بسنت کے قریب آنے کے ساتھ کاروباری حلقے مزید تیزی کی توقع کر رہے ہیں۔
