کشمیر کے نام قومی عہد، ایوانِ صدر سے جی ایچ کیو تک ایک آواز، حقِ خودارادیت تک حمایت جاری
یومِ یکجہتی کشمیر پر پاکستان کی اعلیٰ ترین سیاسی و عسکری قیادت نے ایک مرتبہ پھر کشمیری عوام کے ساتھ مضبوط اور غیر متزلزل یکجہتی کا اعلان کرتے ہوئے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کی دوٹوک الفاظ میں مذمت کی ہے۔
صدرِ مملکت، وزیراعظم، عسکری قیادت، وزیراعظم آزاد کشمیر اور گورنر سندھ کے پیغامات میں ایک ہی پیغام نمایاں رہا کہ کشمیر کا مسئلہ زندہ ہے اور کشمیری عوام تنہا نہیں۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض افواج کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں مسلسل جاری ہیں۔ انہوں نے بین الاقوامی رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ من مانے حراستی اقدامات، اجتماعی سزاؤں، میڈیا پر پابندیوں اور گھروں کی مسماری میں تشویشناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے۔ صدر نے یاد دلایا کہ 1989 میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے یومِ یکجہتی کشمیر کے باضابطہ انعقاد کی بنیاد رکھی تھی، اور آج دنیا بھر میں پاکستانی اسی جذبے کے تحت کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے واضح کیا کہ مسئلہ کشمیر اقوامِ متحدہ کے ایجنڈے پر موجود ایک دیرینہ اور حل طلب تنازع ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیر ایک متنازع خطہ ہے اور اس کے مستقبل کا فیصلہ صرف آزاد اور غیرجانبدار رائے شماری کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ وزیراعظم نے 5 اگست 2019 کے بھارتی یکطرفہ اقدامات کو غیرقانونی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات اقوامِ متحدہ کے چارٹر کی صریح خلاف ورزی ہیں۔
وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے 5 فروری کو پاکستان اور کشمیر کے لازوال رشتے کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ تعلق محض سیاسی نہیں بلکہ مذہبی، ثقافتی اور سماجی بنیادوں پر استوار ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے قیامِ پاکستان سے قبل ہی اپنے مستقبل کا فیصلہ کر لیا تھا اور بھارتی جبر و استبداد ان کے عزم کو توڑنے میں ناکام رہا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کا فوری نوٹس لے۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کشمیری شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان ہر عالمی فورم پر کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا۔
آئی ایس پی آر
دوسری جانب آئی ایس پی آر کے مطابق افواجِ پاکستان نے بھی یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کیا ہے۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، ایئر چیف اور نیول چیف نے اپنے مشترکہ پیغام میں کشمیری عوام کے حوصلے اور قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیاں اور شہریوں پر مظالم بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔
آئی ایس پی آر نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام کے مصائب کے خاتمے اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کے لیے عملی اقدامات کرے۔ بیان میں اس عزم کا اعادہ بھی کیا گیا کہ افواجِ پاکستان ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے ساتھ ساتھ کشمیری عوام کی جائز جدوجہدِ آزادی کی حمایت جاری رکھیں گی۔
