پاک بھارت ٹاکرا، آئی سی سی کا ہنگامی اجلاس، اگلے چند گھنٹے فیصلہ کن ثابت ہوں گے
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کے مجوزہ میچ کے حوالے سے صورتحال تیزی سے بدل رہی ہے اور آئندہ چند گھنٹے اہم پیش رفت کے حامل قرار دیے جا رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق معاملے پر ہنگامی سطح پر سفارتی اور انتظامی رابطے جاری ہیں۔
اطلاعات ہیں کہ بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے چیئرمین امین الاسلام خصوصی طور پر پاکستان پہنچ چکے ہیں تاکہ آئی سی سی کے اہم اجلاس میں شرکت کر سکیں۔
اسی سلسلے میں آئی سی سی کا مصالحتی وفد بھی جلد پاکستان پہنچنے والا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس ملاقات میں پاکستان کرکٹ بورڈ اور آئی سی سی حکام کے درمیان پاک بھارت میچ کے مستقبل پر تفصیلی بات چیت ہوگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی نے اس حساس معاملے کی نگرانی اور پیش رفت کے لیے ڈپٹی چیئرمین عمران خواجہ کو خصوصی ذمہ داری سونپ دی ہے۔ اجلاس میں مختلف آپشنز پر غور متوقع ہے، جبکہ دونوں کرکٹ بورڈز کے سربراہان آن لائن شریک ہوں گے۔
دوسری جانب بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے چیئرمین امین الاسلام کی چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے ملاقات بھی متوقع ہے، جس میں نہ صرف ورلڈ کپ کی موجودہ کشیدہ صورتحال بلکہ باہمی کرکٹ تعلقات اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس مکمل ہونے کے بعد امین الاسلام شام میں ڈھاکا روانہ ہو جائیں گے۔
واضح رہے کہ بنگلادیش نے سکیورٹی خدشات اور انتہاپسند عناصر کی دھمکیوں کے پیش نظر اپنے میچز بھارت کے بجائے کسی متبادل مقام پر منتقل کرنے کی درخواست کی تھی، تاہم آئی سی سی نے یہ مطالبہ مسترد کرتے ہوئے بنگلادیش کو ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا اور اس کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو شامل کر لیا۔
اس فیصلے پر پاکستان نے بنگلادیش کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے سخت احتجاج ریکارڈ کرایا اور 15 فروری کو بھارت کے خلاف شیڈول گروپ میچ کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا۔ اب تمام نظریں آئی سی سی کے ہنگامی اجلاس پر مرکوز ہیں جہاں پاک بھارت مقابلے کے مستقبل کا فیصلہ متوقع ہے۔
