غزہ امن کوششوں میں پاکستان متحرک، ’بورڈ آف پیس‘ کے پہلے اجلاس میں شرکت کا اعلان
پاکستان نے غزہ کی صورتحال پر قائم کیے جانے والے ’’غزہ بورڈ آف پیس‘‘ کے افتتاحی اجلاس میں شرکت کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق اس اہم فورم میں پاکستان کی نمائندگی اعلیٰ ترین سطح پر کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ اجلاس 19 فروری کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سربراہی میں منعقد ہوگا، جس میں عالمی رہنما غزہ کی موجودہ صورتحال، جنگ بندی کے امکانات، امن و استحکام کے اقدامات اور آئندہ کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کریں گے۔ پاکستان کی جانب سے وزیراعظم یا نائب وزیراعظم اجلاس میں شرکت کریں گے۔
سفارتی حلقوں کے مطابق اسلام آباد کی شرکت کو مشرقِ وسطیٰ میں قیامِ امن کی کوششوں کا اہم قدم سمجھا جا رہا ہے۔ پاکستان اس فورم پر نہ صرف انسانی بحران کے فوری حل بلکہ پائیدار امن کے لیے مربوط عالمی حکمت عملی کی ضرورت پر بھی زور دے گا۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان طویل عرصے سے فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت اور خطے میں منصفانہ امن کے قیام کا حامی رہا ہے، اور اس اجلاس میں شرکت اسی پالیسی کا تسلسل ہے۔
اجلاس کے دوران انسانی امداد کی فراہمی، جنگ بندی کے مؤثر طریقہ کار اور سیاسی مذاکرات کے فریم ورک پر بھی غور متوقع ہے۔
