تازہ ترین:
اگلے برس کی امید کے ساتھ اور شمعوں کی روشنی میں بسنت تہوار اختتام پذیر
قومی خبریں

اگلے برس کی امید کے ساتھ اور شمعوں کی روشنی میں بسنت تہوار اختتام پذیر

09 Feb 2026 9,611

بسنت فیسٹیول 2026 لاہور میں اپنی تمام تر رنگینیوں، جوش و خروش اور ثقافتی رونق کے ساتھ تین روزہ جشن مکمل کر کے اختتام پذیر ہو گیا ہے۔

 یہ تہوار 6 فروری کی رات 12 بجے شروع ہوا تھا اور کل رات گئے ختم ہوا، جہاں 25 سال بعد لاہور کی چھتوں پر رنگ برنگی پتنگوں نے آسمان سجایا، بھنگڑوں کی تھاپ، بوکاٹا کے نعرے، لائٹس کی چمک اور روایتی پکوانوں کی خوشبو نے شہر کو ایک بار پھر زندہ کر دیا۔

آخری دن کے اختتام پر اندرون لاہور کی چھتیں آہستہ آہستہ خالی ہونا شروع ہوئی۔ مہمانوں کی واپسی کا سلسلہ صبح تک جاری رہا، چھتوں سے لائٹس بند، میوزک سسٹم اور کیٹرنگ کا سامان بھی اتار لیا گا۔

پتنگ بازی کا مقررہ وقت ختم ہونے کے ساتھ ہی پتنگ بازی پر پابندی دوبارہ بحال ہو گئی ہے، جیسا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے واضح کیا کہ فیسٹیول کے اختتام کے بعد یہ پابندی برقرار رہے گی آخری رات تقریبات کو آج 5 بجے تک توسیع دی گئی تھی۔

پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے لاہوریوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں نے ایس او پیز پر عمل کر کے اپنے تہوار اور ورثے کا خود تحفظ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مریم نواز شریف لاہور اور پنجاب کی خوشیوں کی حقیقی محافظ ہیں، جن کی کاوشوں سے یہ تاریخی تہوار واپس آیا۔

یہ تین دن لاہور کے لیے نہ صرف خوشیوں کا میلہ بلکہ ثقافتی بحالی کا سنگ میل ثابت ہوئے، جہاں ہوٹلز فل بک، کاروبار عروج پر رہے اور دنیا بھر سے لوگ اس رونق کو دیکھنے کے لیے لاہور آئے۔