ملتان سلطانز کو 2.45 ارب روپے میں نیا مالک اور نیا نام مل گیا
کھیل

ملتان سلطانز کو 2.45 ارب روپے میں نیا مالک اور نیا نام مل گیا

09 Feb 2026 4,668

پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز ملتان کو ٹیکنالوجی کمپنی ولی ٹیک نے 2 ارب 45 کروڑ روپے میں 10 سال کے لیے خرید لیا اور ساتھ ہی ٹیم کا نام تبدیل کر کے “راولپنڈی” رکھنے کا اعلان کر دیا۔ یوں یہ فرنچائز پی ایس ایل کی تاریخ کی مہنگی ترین ٹیم بن گئی۔

لاہور میں ہونے والی نیلامی میں پانچ بولی دہندگان شریک تھے جبکہ ابتدائی قیمت 182 کروڑ روپے مقرر کی گئی تھی۔ سخت مقابلے کے بعد ولی ٹیک نے سب سے بڑی بولی دے کر فرنچائز اپنے نام کی۔

نیلامی کے بعد پریس کانفرنس میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے نئی انتظامیہ کو مبارکباد دیتے ہوئے سابق چیئرمین نجم سیٹھی کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ملتان سلطانز جیسا برانڈ قائم کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کئی ماہ کی محنت کے بعد یہ کامیابی ملی اور توقع سے کہیں زیادہ قیمت حاصل ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم بھی اس پیش رفت پر خوشی کا اظہار کر رہے تھے۔

محسن نقوی نے کہا کہ بعض حلقے فرنچائز کی قیمت ایک ارب تک جانے کے امکانات ظاہر کر رہے تھے، مگر نتیجہ اس کے برعکس نکلا۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کو عالمی سطح کا ایونٹ بنانے کے لیے بین الاقوامی کھلاڑیوں کی شمولیت بڑھائی جا رہی ہے۔

چیئرمین پی سی بی نے اعتراف کیا کہ ملتان سلطانز ایک مضبوط برانڈ تھا اور نام کی تبدیلی پر انہیں ذاتی طور پر افسوس ہوا، تاہم نئے مالکان کا فیصلہ تسلیم کیا گیا ہے۔ انہوں نے سلمان نصیر کی کاوشوں کو بھی سراہا۔

نئی ملکیت اور نئے نام کے ساتھ “راولپنڈی” فرنچائز آئندہ سیزن سے میدان میں اترے گی۔