تازہ ترین:
پولیس اہلکاروں کی شہادت پر وزیراعلیٰ سندھ کا اظہار افسوس، شفاف تحقیقات کا حکم
قومی خبریں

پولیس اہلکاروں کی شہادت پر وزیراعلیٰ سندھ کا اظہار افسوس، شفاف تحقیقات کا حکم

10 Feb 2026 7,144

دادو میں بس میں آگ لگنے کے المناک واقعے میں پولیس اہلکاروں کی شہادت کے بعد وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اس واقعے کو نہ صرف اہلکاروں بلکہ پوری قوم کے لیے ایک دلخراش سانحہ قرار دیا۔

وزیراعلیٰ ہاؤس کے ترجمان کے مطابق مراد علی شاہ نے فوری اور شفاف تحقیقات کے احکامات جاری کیے ہیں اور کہا ہے کہ ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، جبکہ کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ سندھ اپنے محافظوں کی قربانی کبھی نہیں بھولے گا اور شہداء کی وردی کا قرض ریاست پر واجب ہے۔ حکومت اس ذمہ داری کو ہر حال میں نبھائے گی اور شہید اہلکاروں کے لواحقین کو مالی و قانونی مدد فراہم کرے گی۔

مراد علی شاہ نے یہ بھی اعلان کیا کہ زخمی اہلکاروں کے علاج معالجے کے تمام اخراجات سندھ حکومت برداشت کرے گی، اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ واقعے کی مکمل رپورٹ فوری طور پر وزیراعلیٰ ہاؤس میں پیش کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔