تازہ ترین:
نائن الیون افغانوں نے نہیں کیا، مگر جنگ ہم نے لڑی، خواجہ آصف کا کھرا سچ
قومی خبریں

نائن الیون افغانوں نے نہیں کیا، مگر جنگ ہم نے لڑی، خواجہ آصف کا کھرا سچ

10 Feb 2026 9,133

وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نائن الیون حملوں کے اصل کردار آج تک سامنے نہیں آ سکے، تاہم اس سانحے میں کوئی افغان، پشتون یا ہزارہ ملوث نہیں تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس واقعے کے بعد پاکستان دو دہائیوں تک ایسی جنگ کا حصہ بنا جس کا براہِ راست اس سے تعلق نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان ایک وقت ایسا بھی تھا جب ویزے کی شرط نہیں تھی اور لوگ اجازت نامے پر سفر کرتے تھے۔

ان کے بقول افغانستان کی سرزمین پر لڑی جانے والی جنگیں دراصل بڑی طاقتوں کی لڑائیاں تھیں، مگر پاکستان نے خود کو فرنٹ لائن اسٹیٹ بنا کر بھاری قیمت چکائی۔

خواجہ آصف نے اعتراف کیا کہ ماضی کی پالیسیوں نے ملک کو نقصان پہنچایا اور نصاب سے لے کر قومی بیانیے تک سب کچھ تبدیل کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ جب تک قوم اپنی غلطیوں کو تسلیم نہیں کرے گی، آگے بڑھنا ممکن نہیں۔

وزیر دفاع نے اس بات پر بھی افسوس ظاہر کیا کہ ہم نے اپنے اصل ہیروز کو نظر انداز کیا اور غیر ملکی شخصیات کے ناموں کو ترجیح دی۔ انہوں نے زور دیا کہ قومی خودداری اور درست سمت کا تعین وقت کی اہم ضرورت ہے۔