تازہ ترین:
نیپرا کا عوام دشمن فیصلہ، غریب صارفین کیلیے بجلی مہنگی، امراء کے لیے ریلیف
تازہ ترین

نیپرا کا عوام دشمن فیصلہ، غریب صارفین کیلیے بجلی مہنگی، امراء کے لیے ریلیف

11 Feb 2026 4,038

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے وزارت توانائی کی سفارشات منظور کرتے ہوئے گھریلو بجلی صارفین پر ماہانہ فکسڈ چارجز عائد کرنے کی اجازت دے دی ہے۔

اس فیصلے کے بعد پہلی بار 300 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین بھی فکسڈ چارجز کی ادائیگی کریں گے، جبکہ اس سے قبل اس کیٹیگری کو استثنیٰ حاصل تھا۔

ذرائع کے مطابق پروٹیکٹڈ اور نان پروٹیکٹڈ دونوں اقسام کے صارفین کیلئے نئی شرحیں مقرر کی گئی ہیں۔ اب 100 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے پروٹیکٹڈ صارفین کو 200 روپے جبکہ 200 یونٹ تک استعمال پر 300 روپے ماہانہ فکسڈ چارجز ادا کرنا ہوں گے۔

دوسری جانب نان پروٹیکٹڈ صارفین کیلئے 100 یونٹ تک 275 روپے، 200 یونٹ تک 300 روپے اور 300 یونٹ تک استعمال کرنے والوں کیلئے 350 روپے فکسڈ چارجز مقرر کیے گئے ہیں۔ 400 یونٹ تک استعمال پر یہ چارجز 400 روپے اور 500 یونٹ تک 500 روپے تک پہنچ جائیں گے۔

مزید برآں 600 یونٹ استعمال کرنے والوں کیلئے فکسڈ چارجز 675 روپے مقرر کیے گئے ہیں، جبکہ 700 یونٹ اور اس سے زائد استعمال کرنے والے صارفین کیلئے بھی فکسڈ چارجز 675 روپے ہی ہوں گے۔

نیپرا نے اس کے ساتھ بجلی کے فی یونٹ نرخوں میں بھی جزوی کمی کی منظوری دی ہے۔ 301 سے 400 یونٹ استعمال کرنے والوں کیلئے فی یونٹ 1 روپے 53 پیسے کمی کی گئی ہے۔ 500 یونٹ تک استعمال پر 1 روپے 25 پیسے، 600 یونٹ تک 1 روپے 40 پیسے، 700 یونٹ تک 91 پیسے اور 700 یونٹ سے زائد استعمال پر 49 پیسے فی یونٹ کمی ہوگی۔

کمرشل صارفین کو فی یونٹ 1 روپے 15 پیسے ریلیف دیا گیا ہے جبکہ صنعتی شعبے کیلئے بجلی کی قیمت میں 5 روپے فی یونٹ تک کمی کی منظوری دی گئی ہے۔

نیپرا نے اپنے فیصلے کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کیلئے معاملہ وفاقی حکومت کو ارسال کر دیا ہے، جس کے بعد باضابطہ اطلاق عمل میں آئے گا۔