قومی خبریں
ایوان صدر میں اعلیٰ قیادت کے درمیان غزہ، سلامتی اور سیاسی صورتحال پر مشاورت
ملک کی اعلیٰ قیادت کے درمیان اہم رابطہ ہوا ہے، جہاں وزیراعظم شہباز شریف نے ایوانِ صدر میں صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی۔ اس نشست میں دونوں جماعتوں کے سینئر رہنما بھی شریک تھے اور قومی معاملات پر تفصیلی غور کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں پاکستان کی موجودہ سیاسی و معاشی صورتحال، داخلی سلامتی کے چیلنجز اور اہم قومی امور زیر بحث آئے۔ خطے کی بدلتی صورتحال کے تناظر میں غزہ امن بورڈ اور اس حوالے سے پاکستان کے مؤقف پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران آزاد کشمیر کے نئے صدر کے انتخاب سے متعلق امور پر بھی مشاورت کی گئی، جسے سیاسی حلقوں میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے باہمی مشاورت کے عمل کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا اور قومی معاملات پر ہم آہنگی برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔
