بانی پی ٹی آئی کو کب اسلام آباد منتقل کیا جائے گا؟ وزیر داخلہ نے بتا دیا
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اعلان کیا ہے کہ اسلام آباد میں زیر تعمیر نئی جیل آئندہ دو ماہ میں مکمل ہو جائے گی، جس کے بعد بانی پی ٹی آئی کو وہاں منتقل کر دیا جائے گا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ چونکہ سزا اسلام آباد کی عدالت سے سنائی گئی ہے، اس لیے قانونی تقاضوں کے تحت انہیں اسلام آباد ہی کی جیل میں رکھا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ نئی جیل میں جدید طبی سہولیات دستیاب ہوں گی اور قیدیوں کی صحت کے حوالے سے مکمل انتظامات کیے گئے ہیں۔
صحت کے حوالے سے تحفظات
یاد رہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کی صحت پر تشویش کا اظہار کیا جاتا رہا ہے اور اڈیالہ جیل کے سابق سپرنٹنڈنٹ عبدالغفور انجم پر غفلت کے الزامات بھی سامنے آئے تھے۔
وزیر داخلہ نے ان خدشات پر براہِ راست تبصرہ نہیں کیا، تاہم واضح کیا کہ قیدیوں کی صحت اور سیکیورٹی حکومت کی ذمہ داری ہے۔
رانا ثنا اللہ کا بیان
دوسری جانب وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی جس ڈاکٹر سے آنکھوں کا معائنہ کرانا چاہیں، انہیں اجازت دی جائے گی۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ چار ماہ کی مبینہ غفلت کی بات درست نہیں، اس لیے بانی پی ٹی آئی کی صحت کے معاملے کو سیاسی رنگ نہ دیا جائے۔
