تازہ ترین:
سپر ہائی وے پر قیامت کا منظر، 5 گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں، 13 افراد جاں بحق
قومی خبریں

سپر ہائی وے پر قیامت کا منظر، 5 گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں، 13 افراد جاں بحق

13 Feb 2026 5,973

موٹر وے ایم 9 المعروف سپر ہائی وے  پر کاٹھور کے قریب ہولناک ٹریفک حادثے نے خوشیوں سے بھرے گھروں کو ماتم میں بدل دیا۔ پ

انچ گاڑیوں کے خوفناک تصادم میں بچوں سمیت کم از کم 13 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ متعدد زخمی ہیں، جن میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

اطلاعات کے مطابق انصاری پل کے قریب ایک مال بردار ٹرک الٹ گیا جس سے ڈیزل سڑک پر پھیل گیا۔ اسی دوران تیز رفتار مسافر بس اور کم از کم تین کاریں بے قابو ہو کر ٹرک سے جا ٹکرائیں۔

تصادم اس قدر شدید تھا کہ گاڑیاں بری طرح تباہ ہو گئیں اور جائے حادثہ پر دل دہلا دینے والے مناظر دیکھنے میں آئے۔

ابتدائی طور پر 10 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوئے، بعد ازاں زخمیوں میں سے مزید اموات کی تصدیق ہوئی جس کے بعد مجموعی تعداد 13 تک پہنچ گئی۔ ریسکیو 1122، چھیپا اور ایدھی فاؤنڈیشن کے رضا کار فوری طور پر موقع پر پہنچے اور لاشوں و زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا۔

امدادی حکام کے مطابق ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے کیونکہ بعض زخمیوں کی حالت نازک ہے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ڈیزل پھیلنے کے باعث سڑک پھسلن کا شکار ہو گئی تھی جس سے گاڑیاں قابو میں نہ رہ سکیں۔

واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے صوبائی وزیر داخلہ، گورنر سندھ اور وزیراعلیٰ سندھ نے افسوس کا اظہار کیا اور زخمیوں کو فوری اور بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔