تازہ ترین:
پنجاب کے مختلف شہروں زلزلے کے جھٹکے، شہریوں میں شدید خوف و ہراس
قومی خبریں

پنجاب کے مختلف شہروں زلزلے کے جھٹکے، شہریوں میں شدید خوف و ہراس

20 Feb 2026 3,090

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پی ڈی ایم اے پنجاب نے  زلزلے سے متعلق تفصیلی رپورٹ جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ صوبے کے مختلف علاقوں میں جھٹکے محسوس کیے گئے تاہم کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

رپورٹ کے مطابق پوٹھوہار ریجن، سرگودھا اور پنجاب کے دیگر اضلاع میں زلزلے کے جھٹکوں نے شہریوں میں خوف و ہراس پھیلا دیا، جس کے باعث لوگ گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.8 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کا مرکز ہمسایہ ملک افغانستان بتایا گیا۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق احتیاطی اقدامات کے طور پر متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو الرٹ کر دیا گیا ہے اور حساس عمارتوں کی چیکنگ کا عمل جاری ہے تاکہ کسی ممکنہ خطرے سے بروقت نمٹا جا سکے۔

ادارے نے مزید بتایا کہ صوبائی کنٹرول روم سمیت تمام ضلعی ایمرجنسی آپریشن سینٹرز 24 گھنٹے فعال ہیں، جبکہ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ کسی بھی ممکنہ نقصان یا ہنگامی صورتحال کی اطلاع فوری طور پر ہیلپ لائن 1129 پر دیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے، تاہم شہری غیر ضروری خوف و ہراس سے بچیں اور آفٹر شاکس کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔