تازہ ترین:
پاکستان کی افغانستان میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر کارروائی، 7 مراکز تباہ
تازہ ترین

پاکستان کی افغانستان میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر کارروائی، 7 مراکز تباہ

22 Feb 2026 4,528

وزارت اطلاعات و نشریات نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان نے افغانستان کی سرزمین پر موجود دہشتگرد عناصر کے خلاف انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے سات مختلف ٹھکانوں کو کامیابی سے نشانہ بنایا ہے۔ یہ اقدام حالیہ خودکش حملوں کے ردعمل میں کیا گیا۔

سرکاری بیان کے مطابق اسلام آباد کی ایک امام بارگاہ، باجوڑ اور بنوں میں ہونے والی حالیہ دہشتگرد کارروائیوں کی منصوبہ بندی افغانستان میں موجود قیادت نے کی۔

حکام کا کہنا ہے کہ ان حملوں کی ذمہ داری کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان اور اس سے منسلک گروہوں، جنہیں سرکاری بیان میں “فتنہ الخوارج” کہا گیا، نے قبول کی۔

وزارت اطلاعات کے مطابق پاکستان کے پاس ایسے شواہد موجود ہیں جو اس امر کی نشاندہی کرتے ہیں کہ دہشتگرد کارروائیاں سرحد پار موجود کمانڈ اینڈ کنٹرول ڈھانچے کی ہدایات پر کی گئیں۔

بیان میں کہا گیا کہ پاکستان نے متعدد بار افغان طالبان کی عبوری حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی سرزمین کو پاکستان مخالف سرگرمیوں کے لیے استعمال ہونے سے روکنے کے لیے ٹھوس اور قابل تصدیق اقدامات کرے، تاہم اس سلسلے میں مؤثر پیش رفت نہیں ہو سکی۔

حکام کے مطابق شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان نے محدود اور ہدفی نوعیت کی کارروائی کی، جس میں دہشتگردوں کے سات کیمپس اور مراکز کو نشانہ بنایا گیا۔

 بیان میں واضح کیا گیا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی نہیں بلکہ استحکام اور امن چاہتا ہے، تاہم قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔

پاکستان نے عالمی برادری سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ افغان طالبان پر دباؤ ڈالے کہ وہ دوحہ معاہدہ کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے اور اپنی سرزمین کو دہشتگردی کے لیے استعمال ہونے سے روکے، تاکہ خطے اور دنیا میں دیرپا امن کو یقینی بنایا جا سکے۔