کرک، ایف سی قلعے پر حملہ، زخمیوں کی منتقلی کے دوران ایمبولینس پر فائرنگ سے 3 اہلکار شہید
خیبرپختونخوا کے ضلع کرک میں سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کا سنگین واقعہ پیش آیا جہاں دہشت گردوں نے فرنٹیئر کور کے قلعے پر کواڈ کاپٹر ڈرون سے حملہ کیا اور بعد ازاں زخمی اہلکاروں کو لے جانے والی ایمبولینسوں پر بھی فائرنگ کر دی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بہادر خیل کے علاقے میں درگہ شہیدان کے قریب واقع فرنٹیئر فورس کے قلعے پر ڈرون حملے کے نتیجے میں پانچ اہلکار زخمی ہوئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو اسپتال منتقل کرنے کے لیے ایمبولینسیں روانہ کی گئیں تاہم راستے میں دہشت گردوں نے ان پر دوبارہ حملہ کر دیا۔
ڈی پی او کے مطابق حملہ آوروں نے ایمبولینسوں پر فائرنگ کے ساتھ انہیں آگ بھی لگا دی جس کے نتیجے میں تین اہلکار شہید ہوگئے، جبکہ ریسکیو عملے کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ واقعے کے بعد زخمیوں کو خلیفہ گل نواز اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
حکام کے مطابق علاقے میں سرچ آپریشن کر کے صورتحال کو قابو میں لے لیا گیا ہے جبکہ ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے امدادی کارروائیاں مکمل کیں۔ سیکیورٹی فورسز نے حملہ آوروں کی تلاش کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
