قومی خبریں
اہم سیاسی موڑ قریب، صدر مملکت کا پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا فیصلہ
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کرنے کی سمری کی منظوری دے دی، جس کے تحت اجلاس 2 مارچ 2026 کو دوپہر تین بجے منعقد ہوگا۔
پارلیمانی روایت کے مطابق مشترکہ اجلاس ہر پارلیمانی سال کے آغاز پر بلایا جاتا ہے، جہاں صدر مملکت آئندہ سال کے لیے حکومتی ترجیحات اور پالیسی سمت کا خاکہ پیش کرتے ہیں۔
اعلامیے کے مطابق صدر آصف علی زرداری بطور صدر پاکستان پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے نویں مرتبہ خطاب کریں گے۔
ان کے خطاب میں جمہوری استحکام، آئینی بالادستی، قومی سلامتی، دہشت گردی کے خلاف ریاستی عزم، معاشی استحکام اور علاقائی و عالمی صورتحال سمیت اہم موضوعات پر روشنی ڈالی جائے گی۔
حکام کے مطابق خطاب میں بیرونی پشت پناہی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے اور ملک میں پائیدار معاشی ترقی کے لیے حکومتی حکمت عملی بھی زیرِ بحث آئے گی۔
