تازہ ترین:
آپریشن غضب للحق، 352 طالبان کارندے ہلاک، 130 چیک پوسٹیں تباہ اور 26 پر قبضہ
قومی خبریں

آپریشن غضب للحق، 352 طالبان کارندے ہلاک، 130 چیک پوسٹیں تباہ اور 26 پر قبضہ

01 Mar 2026 2,496

سرحدی کشیدگی کے پس منظر میں جاری آپریشن “غضبُ للحق” میں پاکستان کی جانب سے افغانستان میں متعدد اہداف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ حکومتی بیان کے مطابق کارروائیوں کے نتیجے میں اب تک 352 افغان اہلکار اور طالبان کارندے ہلاک جبکہ 535 زخمی ہوئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق حکام کی جانب سے تازہ ترین اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے کہا کہ افغان فورسز کو بھاری جانی و مالی نقصان پہنچا۔ ان کے مطابق 130 چیک پوسٹیں تباہ کی گئیں جبکہ 26 اہم مقامات پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا گیا ہے۔

حکومت کے مطابق جوابی کارروائیوں میں 171 ٹینک اور فوجی گاڑیاں ناکارہ بنائی گئیں اور 41 مختلف مقامات پر فضائی حملے کیے گئے۔ اس سے قبل جاری کیے گئے اعداد و شمار میں بتایا گیا تھا کہ ابتدائی مرحلے میں 37 اہداف کو نشانہ بنایا گیا، 331 افراد ہلاک اور 500 سے زائد زخمی ہوئے، جبکہ 104 چیک پوسٹیں تباہ اور 22 پر قبضہ کیا گیا تھا۔

سرکاری مؤقف کے مطابق آپریشن اپنے طے شدہ اہداف کے حصول تک جاری رہے گا۔ دوسری جانب سرحدی علاقوں میں صورتحال بدستور کشیدہ بتائی جا رہی ہے اور خطے میں سیکیورٹی خدشات میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔