پٹرول اورڈیزل مہنگاکرنے میں پاکستان پوری دنیا پر بازی لےگیا
قومی خبریں

پٹرول اورڈیزل مہنگاکرنے میں پاکستان پوری دنیا پر بازی لےگیا

03 Apr 2026 3,837

پٹرول اورڈیزل کی قیمت بڑھانے میں پاکستان پوری دنیا میں بازی لےگیا۔

دنیا کا دوسرا بڑا اضافہ پاکستان میں ہوا جہاں قیمتیں 77 فیصد بڑھ گئیں۔ میانمار میں سب سے زیادہ 130 فیصد اضافہ ہوا

جبکہ جنگ لڑنے والے تینوں ممالک امریکا،اسرائیل اور ایران سے بھی زیادہ مہنگی پٹرولیم مصنوعات پاکستان میں ہیں۔

جنگ کے بعد عالمی اوسط کے مقابلے میں پاکستان میں اضافہ کئی گنا زیادہ ہے ۔ امریکہ میں قیمتیں31 فیصد بڑھیں۔

عالمی سطح پر دیکھا جائے تو گزشتہ ایک ماہ کے دوران ڈبلیو ٹی آئی خام تیل کی فی بیرل قیمت میں مجموعی طور پر 49 فیصد اضافہ ہوا ہے

جس کے بعد اس وقت ڈبلیو ٹی آئی کی فی بیرل قیمت تقریباً 111 ڈالر فی بیرل ہے۔

اسی طرح برینٹ کروڈ کی فی بیرل قیمت میں  مجموعی طور پر 34 فیصد اضافہ ہوا ہے اور قیمت تقریباً 110 ڈالر فی بیرل ہے۔

پڑوسی ملکی بھارت میں پاکستان کے برعکس ہر شہر اور ریاست میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت مختلف ہوتی ہے۔

بھارت میں آج پیٹرول کی اوسط قیمت  تقریباً 101 بھارتی روپے فی لیٹر ہے۔

بھارت میں پیٹرول کی یہ قیمت پاکستانی روپے میں تقریباً 303 روپے اور امریکی ڈالرز تقریباً 1.1 ڈالر فی لیٹر بنتی ہے۔

بنگلادیش پر نظر ڈالیں تو وہاں رواں ماہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو برقرار رکھا گیا ہے اور  پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 116 ٹکا ہے۔

یہ قیمت پاکستانی روپے میں تقریباً 263 روپے جبکہ امریکی ڈالر میں 0.95 ڈالر فی لیٹر بنتی ہے۔

 سری لنکا میں بھی پیٹرول کی موجودہ قیمت 398 سری لنکن روپے فی لیٹر ہے جو کہ پاکستانی روپے میں تقریباً 352 اور امریکی ڈالر میں 1.26 ڈالر فی  لیٹر بنتی ہے۔

پاکستان میں پیٹرول کی نئی قیمت امریکی ڈالر میں 1.65 ڈالر فی لیٹر بنتی ہے یوں پاکستانی عوام خطے میں سب سے مہنگا پیٹرول خریدنے پر مجبور ہیں۔