تازہ ترین:
اسپیس ایکس پاکستانی نوجوان کی اے آئی کمپنی 60 ارب ڈالرز میں خریدنےکیلئے تیار
متفرق خبریں

اسپیس ایکس پاکستانی نوجوان کی اے آئی کمپنی 60 ارب ڈالرز میں خریدنےکیلئے تیار

23 Apr 2026 6,718
دنیا کے امیر ترین فرد  ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس نے ایک اے آئی کوڈ جنریشن اسٹارٹ اپ کرسر کو  مستقبل قریب میں 60  ارب ڈالرز  میں خریدنے کا معاہدہ کیا ہے۔

اس کمپنی کی ایک خاص بات یہ ہے کہ ایک پاکستانی نژاد نوجوان صالح آصف کمپنی کے شریک بانیوں میں شامل ہیں۔

اوپن اے آئی اور  اینتھروپک کے ساتھ ساتھ کرسر  ان چند امریکی کمپنیوں میں سے ایک ہے جسے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) کو کوڈنگ کی تیاری کے لیے جانا جاتا ہے۔

اسپیس ایکس نے ایک ایکس (ٹوئٹر) پوسٹ میں اعلان کیا کہ کرسر نے اسپیس ایکس کو کمپنی کو رواں سال کسی وقت 60 ارب ڈالرز میں خریدنے کا اختیار دیا ہے

اگر اسپیس ایکس کی جانب سے کرسر کو خریدا نہیں جاتا، تو وہ اکٹھے کام کرنے کے لیے 10 ارب ڈالرز ادا کرے گی۔

پوسٹ میں مزید بتایا گیا کہ کرسر کی سافٹ ویئر انجنیئرنگ کی مہارت کو  اسپیس ایکس کے سپر کمپیوٹرز کے ساتھ باہم ملا کر ہم دنیا کے سب سے کارآمد ماڈلز  تیار کرسکیں گے۔

 

امریکی جریدے فوربز کے مطابق کراچی سے تعلق رکھنے  والے صالح آصف  نے کراچی کے ایک کالج میں تعلیم حاصل کی اور پھر میساچوسٹس انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (ایم آئی ٹی) پڑھنے کے لیے گئے۔

اسی طرح 2016 سے 2018 کے دوران انٹرنیشنل میتھ اولمپیاڈ میں پاکستان کی نمائندگی بھی کی۔

ایم آئی ٹی میں انہوں نے 3 دوستوں کے ساتھ ملکر  کی بنیاد رکھی جس کے تحت اے آئی کوڈ ایڈیٹنگ ٹول کرسر کو  تیار کیا گیا۔

سابق نگران  وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر عمر سیف نے ایکس پر جاری بیان میں صالح آصف کی تعریف کرتے ہوئےکہا کہ  پاکستانی نوجوانوں کو  ایسے ہی رول ماڈلز کی ضرورت ہے۔

انہوں نے لکھا کہ یہ کوئی پراپرٹی ڈیلرز، ٹیکس چور، بینکوں کے نادہندہ یا پیدائشی امیر نہیں، بلکہ کراچی کے ایک متوسط گھرانےکا سیلف میڈ نوجوان ہے

ایم آئی ٹی سے تعلیم حاصل کی اور ایک انتہائی با اثر کمپنی کی بنیاد رکھی جس  نے  کوڈنگ  لکھنےکا  انداز  بدل دیا اور اب محض 26 سال کی عمر میں یہ ایک ارب ڈالر سے زائد کا مالک ہے۔

چیئرمین پاکستان ورچوئل ایسٹس ریگولیٹری اتھارٹی بلال بن ثاقب نے ایکس پر لکھا کہ مصنوعی ذہانت کے ارب پتیوں کا دور  آ چکا ہے،

ایک 26 سالہ پاکستانی صالح  نے حال ہی میں ایک ایسی کمپنی کی مشترکہ طور پر  بنیاد رکھی ہے جسے اسپیس ایکس 60 ارب ڈالرز  میں خریدنے پر غور کر رہی ہے

یہ پاکستان کے لیے انتہائی فخر کا لمحہ ہے اور ہماری نوجوان نسل کے لیے اس بات کا ناقابل تردید ثبوت بھی کہ وہ جو چاہیں حاصل کرسکتے ہیں۔