تازہ ترین:
مائیکل جیکسن کی بایوپک نے عالمی باکس آفس پر ایک ارب ڈالرز کا ہندسہ عبور کرلیا
شوبز

مائیکل جیکسن کی بایوپک نے عالمی باکس آفس پر ایک ارب ڈالرز کا ہندسہ عبور کرلیا

13 Jul 2026 3,178

باکس آفس اعداد و شمار کے مطابق فلم کی مجموعی آمدنی میں 629.8 ملین ڈالرز بیرونِ ملک جبکہ 371.8 ملین ڈالرز شمالی امریکا سے حاصل ہوئے۔ اس غیر معمولی کامیابی کے بعد ’مائیکل‘ عالمی باکس آفس پر ایک ارب ڈالرز کا ہندسہ عبور کرنے والی دنیا کی پہلی بایوگرافیکل فلم بن گئی ہے۔

.اپریل 2026 میں ریلیز ہونے والی اس فلم نے آغاز ہی سے کئی ریکارڈ توڑنا شروع کر دیے تھے
افتتاحی ہفتے کے اختتام تک اس نے صرف امریکا میں 97 ملین ڈالرز جبکہ عالمی سطح پر 217 ملین ڈالرز کا بزنس کیا، جو میوزیکل بایوپک کیٹیگری میں اب تک کا سب سے بڑا اوپننگ ریکارڈ قرار دیا جا رہا ہے۔

فلم نے حقیقی شخصیت کی زندگی پر مبنی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم کا اعزاز بھی اپنے نام کر لیا ہے، جبکہ اس نے اس سے قبل یہ ریکارڈ رکھنے والی فلم اوپن ہیمر کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔
اسی کامیابی کے ساتھ لائنس گیٹ اسٹوڈیو کی تاریخ میں بھی یہ سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بن گئی ہے اور اسٹوڈیو کی پہلی پروڈکشن ہے جس نے عالمی باکس آفس پر ایک ارب ڈالرز کی حد عبور کی۔

فلم میں مائیکل جیکسن کا کردار ان کے حقیقی بھتیجے نے ادا کیا ہے، جبکہ کہانی میں ان کے بچپن، فنی سفر، مشکلات اور ’کنگ آف پاپ‘ بننے تک کے مختلف مراحل کو پردۂ اسکرین پر پیش کیا گیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس غیر معمولی کامیابی کے بعد لائنس گیٹ مائیکل جیکسن کی زندگی کے دیگر پہلوؤں پر مبنی ایک اور فلم بنانے کے امکان پر بھی غور کر رہا ہے۔