تازہ ترین:
سری لنکا کا پاکستان میں ہونیوالی سہ فریقی سیریز کیلیے ون ڈے اسکواڈ کا اعلان
کھیل

سری لنکا کا پاکستان میں ہونیوالی سہ فریقی سیریز کیلیے ون ڈے اسکواڈ کا اعلان

04 Oct 2026 2,920

اوپنر اویشکا فرنینڈو کو چارتھ اسالنکا کی جگہ اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے حالیہ ڈومیسٹک کرکٹ میں شاندار فارم کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین میچز میں دو سنچریاں اسکور کیں جن میں ان کا بہترین اسکور 160 رنز رہا۔

وہ میجر کلبز لمیٹڈ اوور ٹورنامنٹ میں 447 رنز کے ساتھ سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر بھی ہیں۔

کوشل مینڈس ٹیم کی قیادت کریں گے، تاہم ان کے نائب کپتان کا اعلان نہیں کیا گیا۔ انگلینڈ کے خلاف 3-0 سے شکست کھانے والی ٹیم میں زیادہ تبدیلیاں نہیں کی گئیں
زخمی ونیندو ہسرنگا کی جگہ انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں شامل ہونے والے سہان آراچیگے کو بھی برقرار رکھا گیا ہے۔

سہ ملکی سیریز کا آغاز 18 اکتوبر کو راولپنڈی میں پاکستان اور سری لنکا کے میچ سے ہوگا جبکہ فائنل 31 اکتوبر کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

سری لنکا کے اسکواڈ میں پاتھم نسانکا، اویشکا فرنینڈو، کمیل مشرا، کوشل مینڈس (کپتان، وکٹ کیپر)، پون رتھنائیکے، سہان آراچیگے، کامندو مینڈس، جینتھ لیانگے، داسن شناکا، دونیتھ ویلالاگے، مہیش تھیکشنا، سچندو کولمبیج، دشمنتھا چمیرا، اسیتھا فرنینڈو، دلشان مدوشنکا اور ایشان مالنگا شامل ہیں۔