بی پی ایل چیمپئنز راجشاہی واریئرز کا ہیروز جیسا استقبال، شاندار وکٹری پریڈ
بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کی چیمپئن ٹیم راجشاہی واریئرز کو اپنے شہر میں ہیروز جیسا شاندار استقبال ملا۔ چیمپئن ٹیم کھلی چھت والی بس پر سوار ہو کر شہر کا دورہ کیا، جہاں شائقین کی بڑی تعداد نے ان کا پرجوش استقبال کیا۔
کپتان نجم الحسن شانتو، مشفیق الرحیم اور دیگر کھلاڑی پریڈ میں شریک رہے، جو صبح سے شروع ہو کر دوپہر تک جاری رہی۔ اس دوران کھلاڑی بی پی ایل ٹرافی کو بلند کرکے شائقین کو دکھاتے رہے۔
ایئرپورٹ سے ٹیم کو لانے والی بس میں نبی گروپ کے ٹاپ ایگزیکٹیوز بھی سوار تھے، جبکہ سیکڑوں شائقین موٹرسائیکلوں پر بس کے آگے آگے بڑھتے رہے اور ’’وکٹری پریڈ‘‘ اور ’’سٹی آف ہیروز‘‘ جیسے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے۔
بس جب راجشاہی یونیورسٹی پہنچی تو طلبا نے بھرپور استقبال کیا اور کھلاڑیوں پر پھول نچھاور کیے گئے۔ میلے جیسا سماں سا لگ گیا۔ پریڈ مختلف علاقوں سے گزرتے ہوئے نبیل انڈسٹریل پارک میں ختم ہوئی، جہاں سخت سیکیورٹی کے انتظامات بھی کیے گئے تھے۔
