ریکارڈ بزنس کرنے والی فلم دھرندھر کو دوبارہ کیوں ریلیز کیا گیا؟ جانیے
تازہ ترین

ریکارڈ بزنس کرنے والی فلم دھرندھر کو دوبارہ کیوں ریلیز کیا گیا؟ جانیے

28 Jan 2026 7,593

بالی ووڈ ہدایتکار ادیتیا دھر کی بلاک بسٹر فلم ’دھرندھر‘ کو سرکاری مداخلت کے بعد تبدیلیوں کے ساتھ دوبارہ ریلیز کر دیا گیا ہے۔

فلم نے باکس آفس پر شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے پٹھان، جوان اور دیگر بڑی فلموں کے ریکارڈ توڑ دیے ہیں، تاہم بعض حلقوں کی جانب سے شدید تنقید کے بعد حکومت نے اس پر نوٹس لیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق وزارتِ اطلاعات و نشریات نے 31 دسمبر کو ملک بھر کے سینما گھروں کو نوٹس جاری کیے جن میں فلم کے مخصوص مناظر اور مکالموں میں تبدیلی کی ہدایت کی گئی۔ نوٹس میں دو الفاظ حذف کرنے اور ایک مکالمہ تبدیل کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔

سینما انتظامیہ نے تھیٹر مالکان کو ہدایت دی کہ یکم جنوری سے فلم کا ترمیم شدہ ورژن ہی دکھایا جائے۔ نئی ایڈیٹ میں فلم سے بلوچ کا لفظ مکمل طور پر نکال دیا گیا ہے، جسے متنازع قرار دیا جا رہا تھا۔

ریلیز کے تقریباً ایک ماہ بعد بھی ’دھرندھر‘ کی مقبولیت میں کمی نہیں آئی۔ فلم نے اب تک دنیا بھر میں 1,117.9 کروڑ روپے کا بزنس کر لیا ہے، جبکہ بھارت میں اس کی مجموعی کمائی 723.25 کروڑ روپے سے تجاوز کر چکی ہے۔

ریلیز کے 27 ویں دن بھی فلم نے 11 کروڑ روپے کا بزنس کیا، جو اس کی غیر معمولی مقبولیت کا ثبوت ہے۔

فلم میں رنویر سنگھ نے ایک بھارتی خفیہ ایجنسی کے افسر کا مرکزی کردار ادا کیا ہے، جبکہ دیگر نمایاں اداکاروں میں سنجے دت، اکشے کھنہ، ارجن رامپال، سارہ ارجن اور راکیش بیدی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ زبردست تجارتی کامیابی کے باوجود کئی ممالک نے ’دھرندھر‘ پر پابندی عائد کر رکھی ہے، جس سے فلم ایک بار پھر عالمی سطح پر بحث کا مرکز بن گئی ہے۔