تابش ہاشمی کے ریمارکس سندھ کے عوام کی توہین ہیں، شرجیل میمن
سندھ کے سینئر وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ اور ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے سانحہ گل پلازہ کے حوالے سے ٹی وی میزبان تابش ہاشمی کے بیان کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ریمارکس نہ صرف غیر ذمہ دارانہ ہیں بلکہ سندھ کے عوام کی توہین کے مترادف بھی ہیں۔
پریس کانفرنس کے دوران ایک سوال کے جواب میں شرجیل میمن نے کہا کہ گل پلازہ سانحہ جیسے حساس معاملے پر حقائق جانے بغیر دیے گئے بیانات عوام کو گمراہ کرتے ہیں اور ایسے تبصرے آئینی و انتظامی نظام سے لاعلمی کو ظاہر کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ ایک آئینی صوبہ ہے، جہاں حکومت جمہوری اصولوں اور قانون کے تحت کام کرتی ہے اسے مذاق یا غیر سنجیدہ گفتگو کا موضوع نہیں بنایا جا سکتا۔
سینئر صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ میڈیا پر بیٹھ کر سندھ یا کراچی کو پرائیوٹائز کرنے جیسے خیالات کا اظہار کرنا غیر سنجیدگی کی انتہا ہے اور اس سے عوام کے جذبات مجروح ہوتے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ کراچی پورے سندھ کا مرکز اور دل ہے جس کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ پالیسی سازی، وسائل کی منصفانہ تقسیم اور اجتماعی کاوشوں کی ضرورت ہے، نہ کہ تفریحی پروگراموں میں سطحی تبصرے۔
شرجیل میمن نے میڈیا سے اپیل کی کہ وہ ذمہ دارانہ صحافت کو فروغ دے اور عوامی مسائل کو محض تفریح کا حصہ بنانے کے بجائے سنجیدگی اور شعور کے ساتھ اجاگر کرے تاکہ مثبت اور بامقصد مکالمہ فروغ پا سکے۔
