14 سال بعد پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان فضاؤں میں بھی دوبارہ رشتہ جڑ گیا
پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان برسوں سے منقطع فضائی رابطہ بالآخر بحال ہو گیا، جب بنگلادیش کی قومی ایئرلائن بیمان ایئر کی پرواز مسافروں کو لے کر ڈھاکا سے کراچی ایئرپورٹ پہنچی۔ یہ لمحہ دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک نئی صبح کی علامت بن گیا۔
14 سال بعد کراچی کی فضاؤں میں بنگلادیشی طیارے کی لینڈنگ کو ایئرپورٹ پر غیر معمولی اور یادگار انداز میں خوش آمدید کہا گیا۔
رن وے پر روایتی واٹر سلیوٹ دیا گیا، جبکہ ایئرپورٹ ٹرمینل پر کیک کاٹنے کی تقریب منعقد ہوئی جس میں گورنر سندھ نے خصوصی شرکت کی۔
گورنر سندھ نے اس پیش رفت کو پاکستان کی سفارتی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات ہمیشہ سے برادرانہ رہے ہیں، مگر خطے کی سیاست میں حائل رکاوٹوں نے اس رشتے کو متاثر کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اب دوبارہ اعتماد، تعلق اور تعاون کی راہ پر گامزن ہے اور یہ عمل آگے بڑھتا رہے گا۔
انہوں نے اس موقع پر اظہارِ امید کیا کہ براہ راست فضائی رابطے کی بحالی سے عوامی سطح پر قربت کا باعث بنے گی بلکہ تجارت، سیاحت اور ثقافتی روابط کو بھی نئی زندگی دے گی۔
