بلوچستان میں بھارتی پشت پناہی سے چلنے والے 41 دہشت گرد انجام کو پہنچ گئے
تازہ ترین

بلوچستان میں بھارتی پشت پناہی سے چلنے والے 41 دہشت گرد انجام کو پہنچ گئے

30 Jan 2026 7,680

بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے دو الگ الگ خفیہ اطلاعات پر مبنی کارروائیوں کے دوران بھارت کی حمایت یافتہ دہشت گرد نیٹ ورکس کو بڑا دھچکا پہنچاتے ہوئے 41 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق 29 جنوری 2026 کو کیے گئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں بھارتی پراکسی گروہوں فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد نشانے پر تھے۔

پہلا آپریشن ضلع ہرنائی کے نواحی علاقے میں کیا گیا، جہاں دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پر فورسز نے ٹھکانے کو گھیرے میں لے کر مؤثر کارروائی کی۔

شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارتی سرپرستی میں سرگرم 30 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔ کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا، جسے موقع پر ہی ناکارہ بنا دیا گیا۔

دوسری کارروائی ضلع پنجگور میں عمل میں لائی گئی، جہاں دہشت گردوں کے ایک اور خفیہ ٹھکانے کو تباہ کر کے فتنۃ الہندوستان سے وابستہ 11 دہشت گردوں کا صفایا کر دیا گیا۔

سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دسمبر 2025 میں پنجگور میں ہونے والی بینک ڈکیتی کی لوٹی گئی رقم بھی برآمد کر لی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد ماضی میں متعدد سنگین دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث رہے ہیں۔ علاقے میں ممکنہ باقی ماندہ دہشت گرد عناصر کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشنز بدستور جاری ہیں۔

ترجمان پاک فوج نے واضح کیا کہ قومی ایکشن پلان اور وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظور شدہ حکمت عملی “عزمِ استحکام” کے تحت دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل جاری رہے گا اور دشمن کے ہر آلہ کار کو انجام تک پہنچایا جائے گا۔