دو سال کا بچہ، دو عالمی ریکارڈ، ننھے جُوڈ کی وائرل ویڈیو نے دنیا کو چونکا دیا
انگلینڈ کے ایک دو سالہ ننھے بچے نے اپنی غیر معمولی صلاحیتوں سے دنیا کو حیران کر دیا۔ جُوڈ اووینز نامی اس کم عمر بچے نے اپنی تیسری سالگرہ سے پہلے ہی پول اور اسنوکر میں دو گنیز ورلڈ ریکارڈز اپنے نام کر لیے۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق جُوڈ اووینز نے 2 سال اور 261 دن کی عمر میں اسنوکر کا مشکل ترین شاٹ ڈبل پاٹ کامیابی سے کھیل کر دنیا کا کم عمر ترین کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔
اسنوکر میں ڈبل پاٹ اس شاٹ کو کہا جاتا ہے جس میں ایک ہی وار سے دو گیندیں مختلف پاکٹس میں ڈالی جائیں۔
اس شاندار کارنامے کے چند ہی دن بعد ننھے جُوڈ نے ایک اور تاریخ رقم کر دی۔ اس نے 2 سال اور 302 دن کی عمر میں پول کھیل کے دوران بینک شاٹ لگا کر ایک اور عالمی ریکارڈ توڑ دیا۔
بینک شاٹ میں گیند کو پہلے ٹیبل کے کنارے (ریل) سے ٹکرا کر پاکٹ میں ڈالا جاتا ہے، جو تجربہ کار کھلاڑیوں کیلئے بھی آسان نہیں ہوتا۔
