ویلکم سیریز کی تیسری فلم، ہندی سینما کی تاریخ کی سب سے بڑی اسٹار کاسٹ
شوبز

ویلکم سیریز کی تیسری فلم، ہندی سینما کی تاریخ کی سب سے بڑی اسٹار کاسٹ

30 Jan 2026 4,475

مشہور ویلکم سیریز کی تیسری فلم ’ویلکم ٹو دی جنگل‘ کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ فلم سازوں کے مطابق یہ فلم 26 جون 2026 کو دنیا بھر کے سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

فلم کئی سالوں سے تاخیر کا شکار رہی ہے، تاہم اب اس کے شائقین کے لیے خوشخبری آ گئی ہے۔

فلم کی ہدایت کاری احمد خان نے کی ہے اور یہ 30 سے زائد فنکاروں پر مشتمل ایک بڑی اور جاندار کاسٹ کے ساتھ حاضر ہو رہی ہے۔

فلم میں شامل اداکاروں میں اکشے کمار، سنیل شیٹھی، جیکی شروف، روینہ ٹنڈن، دِشا پٹنی، جیکلین فرنانڈس، ارشد وارثی، پریش راول، راجپال یادو، جونی لیور کے علاوہ کئی دیگر معروف نام شامل ہیں۔

گذشتہ سال نومبر میں اکشے کمار نے انسٹاگرام پر فلم کے سیٹ سے ایک دلچسپ ویڈیو شیئر کی تھی، جس میں وہ اپنی ساتھی اداکارہ دِشا پٹنی کے ساتھ نئے ورژن کے گانے ’اونچا لمبا قد‘ پر رقص کرتے نظر آئے۔ اس پوسٹ میں انہوں نے اپنی سابقہ ساتھی کترینہ کیف کو خصوصی خراجِ تحسین بھی پیش کیا۔

ویلکم سیریز کی پہلی فلم 2007 میں ریلیز ہوئی تھی، جس میں فیروز خان، اکشے کمار، کترینہ کیف، انیل کپور اور نانا پاٹیکر نے اہم کردار ادا کیے۔ دوسری فلم ’ویلکم بیک‘ 2015 میں جان ابراہم اور شروتی ہاسن نے مرکزی کردار نبھائے، جبکہ دونوں فلمیں انیس بزمی کی ہدایت کاری میں بنی تھیں۔

اب ’ویلکم ٹو دی جنگل‘ اپنے متحرک ایکشن، مزاح اور شاندار کاسٹ کے ساتھ شائقین کو سینما گھروں تک کھینچے گی، اور اس کی بڑی توقعات ہیں کہ یہ سیریز کے مداحوں کو پھر سے جادو میں مبتلا کر دے گی۔