7 سال کا انتظار ختم، پاکستان نے آسٹریلیا کو شکست دے کر ٹی 20 سیریز جیت لی
پاکستان نے 3 میچز کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوسرے میچ میں آسٹریلیا کو شاندار کھیل کے ساتھ 90 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔ یہ پاکستان کی سات سال بعد آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پہلی کامیابی بھی ہے۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ گرین شرٹس نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز اسکور کیے۔
کپتان سلمان علی آغا نے 76 رنز بنائے، جبکہ عثمان خان نے 36 گیندوں پر 53 رنز کا اہم اضافہ کیا۔ شاداب خان 28 اور محمد نواز 9 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔
ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی ٹیم 15.4 اوورز میں صرف 108 رنز بنا سکی اور پوری ٹیم آؤٹ ہوگئی۔ کیمرون گرین 35 اور میتھو شارٹ 27 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
پاکستان کی جانب سے ابرار احمد اور شاداب خان نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ عثمان طارق نے 2 اور صائم ایوب اور محمد نواز نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
پاکستان نے میچ میں حکمت عملی اور برق رفتار اننگز کے ذریعے آسٹریلیا کو مکمل طور پر آؤٹ کلاس کیا۔ ٹیم نے 3 میچز کی سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کر کے آسٹریلیا کے خلاف شاندار فتح حاصل کی۔
اس میچ کے دوران کپتان سلمان علی آغا کی ذمہ دارانہ قیادت اور کھلاڑیوں کی بہترین کارکردگی نمایاں رہی۔
دوسرے ٹی ٹوئنٹی کے لیے پاکستان کی پلیئنگ الیون میں 3 تبدیلیاں کی گئی تھیں، جس میں عثمان طارق، فہیم اشرف اور نسیم شاہ کو شامل کیا گیا، جبکہ شاہین شاہ آفریدی، سلمان مرزا اور فخر زمان کو آرام دیا گیا۔
