ڈی جی خان سے بلوچستان جانے والے تمام راستے ٹریفک کے لیے بند
بلوچستان میں بڑھتی ہوئی سکیورٹی خطرات کے پیش نظر پنجاب سے بلوچستان جانے والے تمام راستے بند کر دیے گئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان محمد عثمان خالد نے بتایا کہ فی الحال کوئی بھی مسافر ڈی جی خان کے راستے بلوچستان نہیں جا سکتا۔
بین الصوبائی سرحدی مقامات جیسے بواٹہ، راکھی گاج اور تونسہ-موسی خیل روڈ ہر طرح کی ٹریفک کے لیے معطل ہیں، اور کسی بھی گاڑی کو پنجاب سے بلوچستان جانے کی اجازت نہیں ہے۔ یہ اقدام عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دو روز میں کوئٹہ، گوادر، پنجگور اور دیگر علاقوں میں دہشت گرد حملے ناکام بنا دیے گئے۔ سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 3 خودکش بمباروں سمیت 92 دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور معاونین کو ہر صورت انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، اور “عزمِ استحکام” مہم کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
