بھارت کو کرارا جواب، پاکستان نے ورلڈ کپ میں انڈیا کے خلاف میچ کا بائیکاٹ کر دیا
تازہ ترین

بھارت کو کرارا جواب، پاکستان نے ورلڈ کپ میں انڈیا کے خلاف میچ کا بائیکاٹ کر دیا

01 Feb 2026 9,342

پاکستان نے کرکٹ کے میدان میں ایک جرات مندانہ اور خوددارانہ فیصلہ کرتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کا اعلان کر دیا ہے، تاہم بھارت کے خلاف میچ کھیلنے سے باضابطہ بائیکاٹ کر دیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ قومی وقار اور منصفانہ طرزِ عمل کے اصولوں کے تحت کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی اہم ملاقات ہوئی، جس میں ورلڈ کپ سے متعلق تمام پہلوؤں پر غور کے بعد حتمی فیصلہ کیا گیا۔

ملاقات کے بعد حکومتِ پاکستان نے واضح کیا کہ قومی ٹیم ورلڈ کپ میں تو شرکت کرے گی، مگر 15 فروری کو شیڈول پاک بھارت میچ نہیں کھیلے گی۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کے فیصلے کے پیچھے متعدد وجوہات ہیں، جن میں آئی سی سی کے بنگلادیش سے متعلق جانبدارانہ فیصلے کو مرکزی حیثیت حاصل ہے۔ پاکستان نے اس رویے کو کھیل کے نام نہاد غیر جانبدار اصولوں کے منافی قرار دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستانی ٹیم کو 15 فروری کو بطور احتجاج بھارت کے خلاف میدان میں نہ اترنے کی ہدایت دی گئی ہے، تاکہ عالمی سطح پر یہ پیغام واضح ہو جائے کہ پاکستان دباؤ، دوہرے معیار اور امتیازی سلوک کو قبول نہیں کرے گا۔

حکومتی مؤقف ہے کہ کرکٹ کو سیاست سے الگ رکھنے کا دعویٰ کرنے والوں کو پہلے خود اس پر عمل کرنا ہوگا۔ پاکستان نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ کھیل صرف کھیل نہیں، قومی خودداری کا معاملہ بھی ہوتا ہے اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔