جیت کا قحط ختم، آسٹریلیا کے خلاف پاکستان کا ٹی 20 سیریز میں وائٹ واش
تازہ ترین

جیت کا قحط ختم، آسٹریلیا کے خلاف پاکستان کا ٹی 20 سیریز میں وائٹ واش

01 Feb 2026 3,873

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 111 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر سات سال بعد ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کلین سوئپ مکمل کر لیا۔

میچ میں ٹاس جیت کر پاکستان نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 207 رنز اسکور کیے، جو کہ آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کا سب سے بڑا اسکور ہے۔

قومی ٹیم کی اننگز میں صائم ایوب اور بابر اعظم نے 50 رنز، شاداب خان نے 46 اور خواجہ نافع نے 21  رنز بنائے۔

آسٹریلیا کی جانب سے بین وارشوس نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ مہمان ٹیم کو جیت کے لیے 208 رنز کا ہدف دیا گیا۔ تاہم، آسٹریلیا مقررہ اوورز میں صرف 96 رنز پر 9 وکٹیں کھو کر محدود رہی۔

مارکوس اسٹوئنس نے 23 اور کیمرون گرین نے 22 رنز بنائے۔ آسٹریلوی لیگ اسپنر ایڈم زمپا انجری کے باعث بیٹنگ کے لیے دستیاب نہیں تھے۔

پاکستان کی بولنگ میں محمد نواز نے 18 رنز کے عوض شاندار 5 وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔