انڈر 19 ورلڈ کپ، بھارت نے فیصلہ کن مقابلے میں پاکستان کو 58 رنز سے شکست دے دی
آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کے سپر سکس مرحلے کے سب سے اہم اور فیصلہ کن میچ میں بھارت نے پاکستان کو 58 رنز سے شکست دے کر نہ صرف میچ اپنے نام کیا بلکہ قومی ٹیم کی سیمی فائنل تک رسائی کی امیدیں بھی ختم کر دیں۔
زمبابوے کے شہر بلاوائیو میں کھیلے گئے اس مقابلے میں پاکستان کے کپتان فرحان یوسف نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ بھارتی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 252 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، جس کے تعاقب میں پاکستان کو سیمی فائنل میں جگہ بنانے کیلئے 253 رنز 33.3 اوورز میں حاصل کرنا تھے۔
تاہم ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بیٹنگ لائن دباؤ برداشت نہ کر سکی اور پوری ٹیم 194 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ عثمان خان نے 66 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی، حمزہ ظہور نے 42 جبکہ کپتان فرحان یوسف نے 38 رنز بنائے، مگر یہ کوششیں شکست کو ٹالنے کیلئے ناکافی ثابت ہوئیں۔
بھارت کی جانب سے ایوش مہاترے اور کھیلان پٹیل نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں اور پاکستانی بیٹنگ کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہ دیا۔
دوسری جانب پاکستان کی بولنگ میں عبدالسبحان نے 3 اور محمد صیام نے 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ علی حسن بلوچ، احمد حسین، مومن قمر اور علی رضا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
واضح رہے کہ اس میچ سے قبل آسٹریلیا، انگلینڈ اور افغانستان سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر چکے تھے۔ پاکستان کی جیت کی صورت میں بھارت اور پاکستان دونوں کے پوائنٹس 6، 6 ہو جاتے اور فیصلہ بہتر رن ریٹ پر ہونا تھا، تاہم شکست نے پاکستان کو ایونٹ سے باہر کر دیا۔
