تازہ ترین:
روس کی فضا میں حیرت کا جادو، آسمان پر ایک نہیں چار چاند جگمگا اٹھے
دلچسپ و عجیب

روس کی فضا میں حیرت کا جادو، آسمان پر ایک نہیں چار چاند جگمگا اٹھے

03 Feb 2026 2,864

روس کے تاریخی شہر سینٹ پیٹرزبرگ میں اتوار کی رات آسمان نے ایسا نایاب اور دلکش منظر پیش کیا کہ دیکھنے والے حیرت میں ڈوب گئے۔

رات کے وقت آسمان پر چاند کے ساتھ تین مزید روشن شکلیں نمودار ہوئیں، جس سے یوں محسوس ہوا جیسے آسمان پر بیک وقت چار چاند چمک رہے ہوں۔

یہ غیر معمولی منظر دیکھتے ہی شہری سڑکوں، پلوں اور کھلی جگہوں پر رک گئے اور موبائل فونز کے کیمرے آسمان کی طرف اٹھ گئے۔

چند ہی لمحوں میں اس عجیب و غریب منظر کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں، جہاں صارفین نے اسے قدرت کا جادو، آسمانی کرشمہ اور خوابوں جیسا منظر قرار دیا۔

ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ چاند کے اردگرد روشن اور چمکتی ہوئی ساختیں بن رہی ہیں، جو پہلی نظر میں یوں دکھائی دیتی ہیں جیسے چاند کئی حصوں میں تقسیم ہو گیا ہو۔ آسمان کے نظاروں میں دلچسپی رکھنے والے افراد دیر تک اس منظر کو محویت سے دیکھتے رہے۔

ماہرین کے مطابق یہ کوئی خلائی یا ماورائی واقعہ نہیں بلکہ ایک نایاب قدرتی مظہر ہے جسے سائنسی زبان میں پیرسیلینی (Paraselenae) اور عام الفاظ میں مون ڈاگ یا نقلی چاند کہا جاتا ہے۔

یہ دراصل روشنی کا ایک بصری دھوکہ  ہے جو مخصوص موسمی حالات میں جنم لیتا ہے۔

یہ منظر اُس وقت بنتا ہے جب چاند کی روشنی فضا میں بہت اونچائی پر موجود باریک بادلوں سے گزرتی ہے، جو نہایت ننھے اور چھ کونوں والے برفانی ذرات پر مشتمل ہوتے ہیں۔

ان ذرات سے ٹکرا کر روشنی مڑتی ہے اور چاند کے دائیں اور بائیں جانب روشن دھبے بنا دیتی ہے، جو اضافی چاند جیسے دکھائی دیتے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسا منظر بہت کم دیکھنے کو ملتا ہے اور یہ قدرتی حسن کا وہ نادر تحفہ ہے جو لمحوں کے لیے نمودار ہو کر یادوں میں ہمیشہ کے لیے نقش ہو جاتا ہے۔